ایم کیوایم مسلسل شکستوں سے حواس باختہ ،فاروق ستارکی واپسی کی راہ ہموار
شیئر کریں
حکمران اتحادمیں شمولیت کے بعد سے ضمنی الیکشن میں مسلسل شکستوں اورعوام میں پذیرائی کی کمی نے ایم کیوایم قیادت کوحواس باختہ کردیاہے،جبکہ کامران ٹیسوری کوگورنربنائے جانے کے بعد بھی متعددپارٹی رہنمائوں کوتحفظات ہیں اس حوالے سے پارٹی کے اندرناراضگی کی خبریں بھی منظرعام پرآرہی ہیں باخبرذرائع کے حوالے سے کہاجارہاہے کہ فاروق ستارکی ایم کیوایم پاکستان میں واپسی کی راہیں ہموار ہونے لگیں۔ذرائع کے مطابق فاروق ستار کی شمولیت کے حوالے سے آج(جمعرات) رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا۔رابطہ کمیٹی اجلاس میں فاروق ستارکی واپسی پرمشاورت ہوگی جبکہ وزیراعظم کی یقین دہانیوں،انتخابات میں شکست بھی زیربحث آئے گی۔ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیارکیا جائے گا۔ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس شام 5 بجے بہادر آباد مرکز میں ہوگا، جس میں سیاسی صورتحال، پارٹی پالیسی سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت ہوگی۔ذرائع کے مطابق اراکین رابطہ کمیٹی، سی ای سی اور سی او سی کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ضمنی انتخاب میں شکست، اس کی وجوہات اور آئندہ انتخابات پر حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ووٹرز کی ناراضگی، ناراض کارکنان سے رابطوں پر حکمت عملی بھی بنائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی پالیسی، فیصلے، تنظیمی ڈھانچے کی کمزوریوں پر گفتگو ہوگی۔ پیپلز پارٹی، ن لیگ سے ہوئے معاہدوں پر عمل، وزیر اعظم سے ملاقات پر اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیراعظم کی یقین دہانیوں سے متعلق بھی اجلاس میں گفتگو ہوگی۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم مردم شماری، حلقہ بندیوں، پیپلز پارٹی، وفاق کی اس معاملے پر سست روی پر بھی غور کرے گی۔ذرائع کے مطابق متحدہ کے اجلاس میں بلدیاتی ایکٹ کی سمری، مضبوط بلدیاتی نظام کے نفاذ سے متعلق بھی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔