جماعت اسلامی کا یکم نومبر سے حکومت مخالف تحریک کا اعلان
شیئر کریں
جماعت اسلامی نے یکم نومبر سے حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کردیا۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے احتجاج کا لائحہ عمل بنا رہی ہے، یکم نومبر سے حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کیا جائے گا، اس حوالے سے 23اکتوبر کو مرکزی ذمہ داران کے اجلاس میں تحریک کا مکمل شیڈول دیا جائے گا، جب کہ مہنگائی بے روز گاری اور حکومتی نااہلی کے خلاف تحریک کا آغاز خیبر پختونخواہ سے کیا جائے گا۔سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں نے ملک کے 22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی عروج پر ہے، لوگ آٹے اور چینی کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں، لوگوں کو دو وقت تو کیا ایک وقت کا کھانا نہیں مل رہا، آج تک حکومت نے محض اعلانات ،دعوے اور وعدے کئے، حکومت میں کوئی اہلیت ہوتی تو وہ عوام کی مشکلات کو کم کرتی۔امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ وزیر اعظم سے ان کے اپنے حلقے میانوالی سمیت پورے ملک کے عوام مایوس ہیں، عمران خان ہر تقریر کوآخری تقریر سمجھ کر کرتے ہیں، نئے اور پرانے حکمرانوں کے درمیان لڑائی مفاد عامہ کیلئے نہیں اپنی باری کیلئے ہے، حکمرانوں کے رویے نے جمہوریت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔