کوئٹہ بنوں، سیکورٹی فورسز پرحملے، خودکش دھماکا، فائرنگ 10اہلکار شہید، 30زخمی
شیئر کریں
کوئٹہ/ بنوں (مانیٹرنگڈیسک) کوئٹہ، بنوں میں فورسز پر حملے، خودکش دھماکا، فائرنگ، 10 اہلکار شہید، 30 زخمی، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نیو سریاب میں درخشا ں ریلوے پھاٹک کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 7اہلکار شہید جبکہ 30زخمی ہو گئے، دھماکے سے گاڑیوں میں اگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں شہید ہونیوالے افراد کی لاشیں جھلس گئی جھلسے ہوئے زخمیوں کو برن یونٹ جبکہ دیگر زخمیوں کو سول سنڈیمن ہسپتال میں ٹراما سینٹر اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا ،دھماکے کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی قائمقام آئی جی پولیس بلوچستان محمد ایوب قریشی ریجنل پولیس آفیسر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ڈی آئی جی فرنٹیئر کور بلوچستان بریگیڈیئر محمد زاہد بم ڈسپوزل اسکواڈ فرنٹیئر کور کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ ہسپتال میں ایمر جنسی نافذکر کے ڈاکٹروں اور عملے کو طلب کرلیا گیا ۔عینی شاہدین کے مطابق ایلیٹ فورس کے جوانوں کو گاڑی لے کر پولیس لائن کوئٹہ کی جانب آرہی تھی کہ جیسے ہی گاڑی تھانہ نیو سریاب کے علاقے درخشاں ریلوے پھاٹک کے قریب کوئٹہ سبی شاہر اہ پرپہنچی تو نامعلوم خودکش حملہ آور نے گاڑی ایلیٹ فورس کے جوانوں کی گاڑی کے ساتھ ٹکرا دی جس کے نتیجے میں وہ زوردار دھماکے سے پھٹ گئی اور پولیس کے ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی دھماکے سے پولیس کا ٹرک دو موٹرسائیکل اور ایک ٹریکٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جھلسنے سے ایلیٹ فورس کے 7جوان شہید جبکہ 30سے زائد زخمی ہوگئے۔ جبکہ شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن کوئٹہ میں اد اکی گئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء زہری، لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ سمیت اعلیٰ سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ایک بیان میں صدر مملکت ممنون حسین نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی اور زخمیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ بزدلانہ حملوں سے دہشتگردی کیخلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ علاوہ ازیں بنوں کے علاقے میں جلا ل چیک پوسٹ کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہو گئے ،شہید ہونے والوں میں سپاہی تصور علی اور سپاہی غلام ربانی شامل ہیں ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی گاڑی مکمل تباہ ہو گئی واقعہ کے فوری بعد سیکورٹی فورسز کی ٹیمیں جائے قوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرلیے جن سے پتا چلا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔سیکورٹی فورسز نے ارد گرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی کسی دہشت گرد گروپ کی جانب سے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی گئی۔