پیپلزپارٹی میں اختلافات شدید،سندھ حکومت میں طاقت کے کھیل پر قبضے کی مہم
شیئر کریں
پیپلزپارٹی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، مخدوم جمیل الزمان کی سندھ حکومت پر شدید تنقید، کراچی کے فور منصوبے کی تکمیل کیلئے وزیراعظم کو خط بھی لکھ دیا، سندھ کے صوبائی وزراء اور بیوروکریسی پریشان، تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی سندھ میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں،سندھ حکومت میں طاقت کے کھیل پر قبضے کی مہم زوروں پر ہے۔مختلف طاقت ور وزراء اپنی اپنی بساط بچھا کر چالیں چلنے میں مصروف ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف طاقتور ایم پی ایز کی بغاوت کے اثرات مٹیاری تک پہنچ گئے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کی تشکیل سے اب تک پارٹی سے وابستہ مخدوم خاندان بھی میدان میں اتر آیا ہے، یوم آزادی کے موقع پر مخدوم ہاؤس ہالا میں تقریب کے دوران رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزمان نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ذرائع کے مطابق مخدوم جمیل الزمان سندھ حکومت سے شدید نالاں ہیں، ذرائع کے مطابق مخدوم خاندان میں اختلافات اور مخدوم جمیل الزمان کے سیاسی مخالف رکن سندھ اسمبلی مخدوم فخر الزمان کی بطور ترجمان سندھ حکومت تقرری ہونے کے بعد مخدوم جمیل الزمان نے سندھ حکومت خلاف سخت لہجہ اپنا لیا ہے، مخدوم جمیل الزمان نے مختلف نجی تقریبات میں سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رکھا ہے، ذرائع کے مطابق مخدوم جمیل الزمان کے بیٹے رکن سندھ اسمبلی مخدوم محبوب الزمان کو وزارت ریونیو نہ ملنے کے باعث بھی ناراض ہیں، مخدوم جمیل الزمان نے کراچی واٹر پراجیکٹ کے فور کی تکمیل کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط بھی لکھ دیا ہے، ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی چین آف کمانڈ کمزور ہونے کے باعث صوبائی وزراء اور صوبائی بیوروکریسی پریشانی کا شکار ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی محکمہ خزانہ میں موجود افسران کو ہٹانے سمیت محکمہ خزانہ کی صوبائی وزارت بھی کسی اور کو سونپنے کیلئے کام جاری ہے، ذرائع کے مطابق سندھ میں پیپلزپارٹی کے دو گروپس میں پاور پر کنٹرول کرنے کیلئے رسہ کشی کا سلسلہ جاری ہے۔