بار کونسلز نے انتخابات میں تاخیر پر ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی
شیئر کریں
بلوچستان اور خیبرپختونخوا بار کونسلز نے ملک میں آئین کے مطابق عام انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے انتخابات میں تاخیر پر ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی۔ بلوچستان بار کونسل کے ممبر راحب بلیدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان بار کونسل ملک بھر میں نگراں سیٹ اپ کے قیام کا خیر مقدم اور ساتھ ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ راحب بلیدی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری نہ کرنا خلاف قانون ہے، کسی بھی آئین شکن اقدام پر وکلاء ملک گیر تحریک شروع کریں گے، عام انتخابات میں تاخیر ناقابل قبول ہے۔ دریں اثناء خیبرپختونخوا بار کونسل نے بھی عام انتخابات میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کی ازسر نو ترتیب کا شیڈول انتخابات میں تاخیر کا حربہ ہے۔ بار کونسل نے کہا کہ تاخیری حربوں کے خلاف وکلاء احتجاج تحریک سے دریغ نہیں کریں گے، آئین 90 دن میں الیکشن کرانے کا پابند کرتا ہے، الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ مقررہ مدت میں شفاف انتخابات کرائے۔