اوگراکاعوام پرپھروار،گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی
شیئر کریں
اوگرا نے مالی سال 2021-22 کے لئے گیس کی قیمت میں 14فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ گیس کمپنیوں کو نامکمل منصوبے فوری مکمل کرنے اورسوئی سدرن کو گیس چوری روکنے کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اوگرا نے سوئی گیس کمپنیوں کی درخواست پر سماعت کے بعد منظوری دی۔ پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخواہ کو گیس فراہم کرنے والی کمپنی سوئی نادرن کے لئے گیس کی بنیادی قیمت میں 14 فیصد جبکہ سندھ اور بلوچستان کو گیس فراہم کرنے والی کمپنی سوئی سدرن کے لئے گیس 7فیصد تک مہنگی کردی گئی ہے، سوئی نادرن کے لئے گیس کی قیمت 86روپے 93 پیسے اور سوئی سدرن کے لئے 54 روپے 47 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھائی گئی ہے۔اوگرا نے سوئی نادرن کے لئے گیس کی بنیادی قیمت 685 روپے 77 پیسے اورسوئی سدرن کے لئے بنیادی قیمت 779 روپے 88 پیسے مقررکی ہے۔ سوئی نادرن کے 254 ارب روپے کے بقایاجات کی وصولی کا اختیار وفاقی حکومت کو دیا گیا ہے۔ اوگرا نے گیس قیمتوں میں اضافے کی منظوری کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوادیا ہے تاہم اضافے کی حتمی منظوری وفاقی حکومت دے گی اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد گیس صارفین کے لئے قیمتوں کا تعین ہوگا۔