تحریک انصاف نے 91اراکین قومی اسمبلی کی فہرست تیار کر لی
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 91اراکین قومی اسمبلی کی فہرست تیار کر لی ، آج ہی الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جانے کا امکان ، فہرست میں تحریک انصاف کے 39اور41 آزاد ارکان کے نام شامل ہیں،پی ٹی آئی کی جانب سے تیار کردہ فہرست میں 91اراکین قومی اسمبلی کو ظاہر کیاگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوس میں ہواجس میں سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیااور اس پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں اراکین نے رائے دی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی اراکین کی فہرست جلد از جلد الیکشن کمیشن میں جمع کروائی جائے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر پاکستان تحریک انصاف کوقومی و صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیاتھا۔فیصلے کے مطابق 39 امیدوار تحریک انصاف کے ہیں۔باقی41 امیدوار15 روزمیں جماعت واضح کرنے کا کہاگیا تھا۔جسٹس یحییٰ آفریدی سمیت 5 ججز نے پی ٹی آئی کو مختصوص نشستوں کا حقدار قرار دینے کی مخالفت کی تھی۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے 17 صفحات پر مشتمل مختصر تحریری فیصلہ بھی جاری کردیاگیاتھا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی لارجز بینچ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔سپریم کورٹ میں 77 منتازع مخصوص نشستوں پر سماعت کی تھی۔جسٹس منصورعلی شاہ ، جسٹس منیب اختر،جسٹس اطہرمن اللہ ،جسٹس محمد علی مظہر ،جسٹس عائشہ ملک ،جسٹس شاہد وحید ، جسٹس حسن اظہررضوی اورجسٹس عرفان سعادت نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست کے حق میں فیصلہ دیاتھا۔ فیصلہ منصورعلی شاہ نے لکھا تھا۔فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے ۔تحریک انصاف سیاسی جماعت تھی اورہے ، انتخابی نشان نہ ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ تمام حقوق ختم ہوگئے ۔ فیصلہ 8کے مقابلے میں5 کے تناسب سے دیا گیا تھا۔اکثریتی فیصلے میں کہا گیا کہ انتخابی نشان واپس لینا سیاسی جماعت کوالیکشن سے باہرنہیں کرسکتا۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی۔ کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی نشان نہیں لیا جا سکتا۔فیصلے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ فیصلے میں پی ٹی آئی خواتین اورغیرمسلموں کی مخصوص نشستوں کی حقدار قرار دیا گیاتھا اور پاکستان تحریک انصاف کوقومی و صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشست ملے گی۔