داسو ڈیم سے پیدا ہونے والی بجلی سستی اور صنعتی ترقی کی ضامن ہوگی، عمران خان
شیئر کریں
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ داسو ڈیم سے سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، بجلی سستے ہونے سے مہنگائی بھی کم ہو جائیگی جس میں کچھ وقت درکار ہے ، سستی بجلی سے سب سے زیادہ فائدہ صنعت کو ہوگا ۔ جمعہ کو داسو ڈیم کے دورے کے معقو پر مقامی و غیرملکی انجینئرز اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مختصر خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کا بڑا حصہ صنعتی سرگرمیوں سے منسوب ہے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب بجلی سستی ہو۔انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم کی تعمیر میں پاکستانی اور غیرملکی ورکرز کو خوش آمدید کہتا ہوں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تربیلا اور منگلا ڈیم کی وجہ سے سستی بجلی پیدا ہوئی اور ملک نے ترقی بھی کی۔انہوں نے کہا کہ سستی بجلی کی فراہمی سے مہنگائی فوری کم نہیں ہوگی جس میں کچھ وقت درکار ہے۔انہوںنے کہاکہ سستی بجلی سے سب سے زیادہ فائدہ صنعت کو ہوگا اور ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔عمران خان نے کہا کہ اس مشکل کام کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔خیال رہے کہ 2020 میں ورلڈ بینک بورڈ آف ڈائریکٹرز نے داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے 70 کروڑ ڈالر کی اضافی فنانسنگ کی منظوری دی تھی۔منصوبے سے پاکستان کو لاکھوں صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے کم لاگت، قابل تجدید توانائی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔اضافی فنڈس داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ کے پہلے مرحلے کو مکمل کرنے کے لیے ٹرانسمیشن لائن کی مالی اعانت فراہم کریں گے جو دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ 2 ہزار 160 میگاواٹ صلاحیت پیدا کرے گی۔دوسرے مرحلے کی توسیع کے منصوبے سے یہ گنجائش دوگنی ہو کر 4 ہزار 320 میگاواٹ ہوجائے گی جس سے داسو ملک کا سب سے بڑا پن بجلی گھر بن جائے گا۔پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلنگو پیٹچاموتو نے کہا تھا کہ پاکستان کا توانائی کا شعبے اعلیٰ قیمت اور غیر فعال ایندھن سے کم لاگت اور قابل تجدید توانائی کی جانب نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی کی طرف بڑھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اس منصوبے سے پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی مجموعی لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی جس سے لاکھوں بجلی استعمال کرنے والے گھروں اور پیداواری شعبوں جیسے مینوفیکچرنگ اور زراعت کے لیے بجلی مزید سستی فراہم ہوگی۔داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ گرمیوں کے مہینوں جب طلب زیادہ ہوگی تو زیادہ بجلی فراہم کرے گا۔