میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دہشت گردی کے واقعات سے تعلقات متاثرنہیں ہونگے، پاکستان اورچین کاعزم

دہشت گردی کے واقعات سے تعلقات متاثرنہیں ہونگے، پاکستان اورچین کاعزم

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۹ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

چین کے محکمہ خارجہ سلامتی امورکے کونسلر وینگ ڈیکشیوؤ نے چینی ناظم الامور کے ہمراہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات سمیت ،باہمی دلچسپی کے دیگرامور اور پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی کویقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیاکہ کراچی دہشت گردی جیسے واقعات سے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات متاثرنہیں ہونگے۔ ملاقات میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے وزارت داخلہ اور چینی سفارتخانے کے درمیان روابط مزید موثر بنانے پراتفاق کیا گیا ۔وزیر داخلہ نے کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے میں چینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ۔ چینی کونسلرنے کہاکہ چین پاکستان کے ساتھ جاری ترقیاتی منصوبوں میں مالی اورتکنیکی معاونت جاری رکھے گا۔ چینی کونسلر نے کہاکہ چینی قیادت پاکستان اور چین کیعوام کے درمیان تعلقات کوانتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوںنے کہاکہ شرپسندعناصر کی پاک چین تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی سازش کوملکر ناکام بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ خواہش ہے کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے کی تحقیقات جلدمکمل ہوں اور مجرمان اپنے انجام کو پہنچیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ریاست تمام وسائل استعمال کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف چینی شہریوں کی سکیورٹی کے معاملات کی خود نگرانی کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے میں ملوث تمام کرداروں کوقرارواقعی سزا دینگے۔ انہوںنے کہاکہ وزارت داخلہ میں فارن نیشنل سکیورٹی سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ڈیسک کے قیام کا مقصد پاکستان میں غیرملکی باشندوں بالخصوص چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے موثررابطہ کاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کیلئے فْول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے ایسے واقعات نہ ہوں، انکے لئے وفاق اورصوبوں کے درمیان کوآرڈینیش کو موثر بنایا جاررہاہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات تاریخی اور انتہائی دیرینہ ہیں،دشمن عناصر کی دوطرفہ تعلقات خراب کرنے کی مذموم سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ملاقات میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی شریک ہو ئے۔ سیکرٹری داخلہ نے کراچی یونیورسٹی دھماکے میں چینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پرافسوس کااظہار کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں