میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
صیہونی بمباری سے اسلامی یونیورسٹی تباہ

صیہونی بمباری سے اسلامی یونیورسٹی تباہ

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۹ مئی ۲۰۲۱

شیئر کریں

اسرائیل کے راکٹ حملوں میں اسلامی یونیورسٹی کی ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ مسلسل 8 روز سے جاری بمباری میں شہادتوں کی تعداد 212 ہوگئی جب کہ حماس کے اسرائیل پر راکٹ حملے میں 10 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی بمباری مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہی۔ راکٹ حملوں میں اسلامی یونیورسٹی کی ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ خوش قسمتی سے حملے کے وقت طلبا اور عملہ یونیورسٹی میں موجود نہیں تھا۔ پاکستان اور ترکی نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم اور بربریت کیخلاف مشترکہ طور پر آواز اْٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے خطاب اور پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی مسلسل اور بھرپور حمایت کو سراہا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے معاملے پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک حکومت کے ٹھوس اور واضح موقف کی تعریف کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں، رمضان المبارک اورعیدالفطر کے دوران فلسطین میں پرتشدد واقعات کے تسلسل سے پوری امت مسلمہ دل گرفتہ ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ہم پاکستان میں 21 مئی کو فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ‘‘یوم یکجہتی فلسطین’’ کے طور پر منا رہے ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی جبراً بے دخلی کی پر زور مذمت کی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں مل کر آواز اْٹھانے کا فیصلہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں