چودھری شجاعت دلبرداشتہ،سیاست چھوڑنے پر غور
شیئر کریں
مسلم لیگ( ق )کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سیاست میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے دلبرداشتہ ہوکر سیاست چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ گزشتہ روز چوہدری پرویز الہی کی عیادت کے لیے ان کے گھر گئے تو چوہدری شجاعت حسین اورچوہدری وجاہت حسین بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے مشورہ دیا کہ کشیدگی اور انتہا پسندی ختم کرنے کے لیے میدان میں آئیں، ملکی سیاست میں حالیہ کشیدگی کا ذکر ہوا تو ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے انتہائی دل گرفتہ انداز میں کہا کہ میں تو سوچ رہا ہوں کہ اب سیاست میں رہنا بھی ہے یا نہیں ۔ جس پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ چوہدری صاحب!آپ وضع دار سیاسی شخصیت ہیں، سیاست چھوڑنے کے بجائے بہتر ہے سیاسی کشیدگی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے میدان میں آئیں۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے چوہدری شجاعت حسین سے کہا کہ قوم کو سمجھائیں کہ یہ سب کچھ کسی کے مفاد میں بھی نہیں، جس پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ لیاقت صاحب میں اپنا ذہن بناتا ہوں، پھر آپ سے ملاقات کرکے بات کروں گا۔