ملک میں کورونا سے مزید 6 اموات، مجموعی ہلاکتیں 144 اور کیسز 7741 ہوگئے
شیئر کریں
پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 144 ہوگئی ، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7741 تک پہنچ گئی۔ہفتہ کو ملک میں کورونا کے مزید 337کیسز رپورٹ ہوئے اور 6 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں،اب تک خیبرپختونخوا سے 84 کیسز 5 ہلاکتیں، سندھ 138 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب 74 کیسز، بلوچستان 25 ، گلگت میں 7 اور اسلام آباد سے مزید 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 138 کیسز سامنے آئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2355 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 48 ہوگئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 11 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 592 ہوگئی ہے ۔کے پی سے کورونا کے اب تک مزید 84 کیسز سامنے آئے ہیں اور 5 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی۔صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز 1077 ہوگئے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے ۔محکمہ صحت کے مطابق کورونا سے انتقال کرنے والوں میں 3 افراد کا تعلق پشاور اور 2 کا مانسہرہ سے ہے ۔محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبے میں کورونا سے اب تک 216 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید 74 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 3465 ہوگئی ، 37 افراد اب تک کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 701 زائرین، 1353 تبلیغی ارکان، 91 قیدی اور 1265عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 684 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 25 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 376 ہوگئی ہے جن میں سے اب تک مقامی طور پر 229 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ،145 ایران سے آئے ہیں۔واضح رہے کہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 142 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں،اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 163 ہوگئی ہے ۔گلگت بلتستان میں ہفتے کو کورونا کے مزید 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کورونا سے متاثرہ افراد مجموعی تعداد 257 ہو گئی۔گلگت بلتستان میں اب تک 193 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 61 رہ گئی ہے ۔ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔آزاد کشمیر میں ایک روز قبل جمعہ کو 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 48 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔میر پور آزاد کشمیر کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 2 خواتین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور دونوں متاثرہ خواتین برطانیاسے ڈڈیال آئی تھیں۔