پی آئی اے کا برطانیا آپریشن جزوی طور پر بحال
شیئر کریں
برطانیا میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر، حکومت پاکستان کی ایما پر وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی خصوصی ہدایات پر پی آئی اے کا برطانیہ کا آپریشن جزوی طور پر بحال کردیاہے ۔پی آئی اے 19 اپریل سے رو زانہ لاہور اور اسلام آباد سے لندن،مانچسٹر اور برمنگھم کیلئیپروازیں چلائے گی، پروازوں کا مقصد دونوں ملکوں میں پھنسے شہریوں کو وطن واپس پہنچانا ہے ۔ برطانوی اور پاکستانی حکومتوں پر اپنے شہریوں کی طرف سے شدید دباؤتھا۔ پی آئی اے نے قومی مفاد میں فوری طور اپنی خدمات فراہم کردیں۔ اجازت تمام حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی پر دی گئی ۔ پی آئی اے نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اور عوام کے پرزور اسرار پر خصوصی رعایت بھی متعارف کروا دی۔ یکطرفہ رعایتی کرایہ ایک لاکھ 10ہزار روپے یا 525 پاونڈ ہوگا اور پروازوں پر پہلے سے بکنگ رکھنے والے مسافروں کو بھی ایڈجسٹ کیا جائے گا، تاہم نئی بکنگ کروانے والے مسافر فوری طور پر پی آئی اے کی ویب سائیٹ یا دفاتر سے رجوع کریں گے ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے سفر کرنے والوں سے التماس کی گئی ہے کہ دیر نا کریں کیوں کہ بکنگ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی وجہ سے کم از کم سفری وقت اور ٹرانزٹ نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کا وائرس سے پچاو کے امکانات سب سے زیادہ ہیں۔