بحریہ ٹاؤن کراچی نے احتجاجی مظاہرین کے آگے گھٹنے ٹیک دیے خندقیں بند، سڑکیں بحال
شیئر کریں
رپورٹ : شعیب مختار )بحریہ ٹاؤن کراچی نے آخر کار پر امن احتجاجی مظاہرین کے آگے گھٹنے ٹیک دیے گھروں کے باہر کھودی گئی خندقیں بند کرنا شروع کردیں، سڑکیں ایک بار پھر بحال ہو گئیں رہائشیوں کا پانی اور بجلی کی آڑ میں غیر ضروری ٹیکس کی وصولی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں دائر کیس واپس نہ لینے کا فیصلہ،تفصیلات کے مطابق چند روز قبل بحریہ ٹاؤن کراچی کی جانب سے غیر ضروری ٹیکس کی وصولی پر احتجاج ریکارڈ کروانے والوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے چند رہائشیوں کی بجلی اور پانی کی لائنیں بھی منقطع کی گئی تھیں جو گذشتہ روز بحال کر دی گئیں ہیں جبکہ ان کے گھروں باہر خندق بھی کھودی گئی تھی جسے بھرنے سے متعلق علی ریاض کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں تمام تر معاملے پر دائر کی گئی درخواست واپس لینے کا مطالبہ سامنے آیا تھا تاہم متاثرہ رہائشیوں کی جانب سے عدالت میں دائر پٹیشن واپس نہ لینے پر گذشتہ روز ان کے گھروں اور کاروباری مراکز کے باہر کھودی گئی خندق بند کر دی گئی ہے اس سلسلے میں انتظامیہ کی انتقامی کارروائی کا شکار بننے والے رہائشی کا جرأت سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم صرف انتظامیہ سے پانی اور بجلی کے بلوں اور غیر ضروری ٹیکس سے متعلق لیے گئے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کر رہے ہیں جس پر انتظامیہ سنجیدگی اختیار کرنے سے مسلسل انکاری ہے ہم نے عدالت کا بھی دروزہ کھٹکھٹا رکھا ہے جہاں سے انصاف ملنے کی امید ہے۔