الیکشن کمیشن کا حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ریجنل الیکشن آفیسر حلیم عادل شیخ سے سینیٹ امیدوار کے تائید کنندہ کی حیثیت سے تصدیق کرے گا۔تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن سندھ نے مرکزی الیکشن کمیشن سے رائے مانگ لی اور درخواست مرکزی الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہے۔الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے درخواست میں کہا گیاہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں یا ان کے پاس جاکر تصدیق کی جائے؟بعد ازاں الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ریجنل الیکشن آفیسر کو تعینات کر دیاہے،ریجنل الیکشن کمشنر حلیم عادل شیخ سے ملاقات کریں گے اور ان سے سینیٹ امیدوار کے تائید کنندہ کی حیثیت سے تصدیق کی جائے گی۔دوسری جانب ایس ایس پی ملیر نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی کو خط لکھاہے ، جس میں کہا گیاہے کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف دہشتگردی سمیت دیگرمقدمات درج ہیں، مقدمات گڈاپ ،میمن گوٹھ تھانے میں درج ہیں۔خط کی کاپی آئی جی سندھ،ایڈیشنل آئی جی کرچی ،ڈی آئی جی ایسٹ کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔