میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
گل پلازہ آتشزدگی کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا اعلان

گل پلازہ آتشزدگی کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا اعلان

ویب ڈیسک
پیر, ۱۹ جنوری ۲۰۲۶

شیئر کریں

حکومت ڈنڈے کے زور پر بلڈنگ سیفٹی کے قوانین نافذ نہیں کرواسکتی، صوبائی وزیر
اس حادثے سے ہم نے سبق سیکھا ہے، حکومت ذمہ داری ادا کرے گی،سعید غنی کی گفتگو

سندھ حکومت نے گل پلازہ آتشزدگی کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ حکومت ڈنڈے کے زور پر بلڈنگ سیفٹی کے قوانین نافذ نہیں کرواسکتی، اس حادثے سے بھی ہم نے سبق سیکھا ہے، حکومت ذمہ داری ادا کرے گی، حکومت سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو معاوضہ دے گی لیکن اولین ترجیح آگ بجھا کر عمارت کا سرچ آپریشن کرنا ہے، دوسرے مرحلے میں آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ ایک افسوسناک واقعہ ہے، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے، اطلاع ہے کہ عمارت میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں، سب سے بڑی ترجیح یہ ہے کہ ان لوگوں کو بچایا جاسکے، مجھے 5 خاندان ایسے ملے ہیں جن کے لوگ لاپتہ ہیں، کراچی میں ہزاروں کی تعداد میں عمارتیں موجود ہیں، کوشش کرسکتے ہیں ڈنڈے کے زور پر ہر چیز نافذ نہیں کرسکتے، عمارتوں کے ہزاروں افراد کیخلاف کارروائی نہیں کرسکتے۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو واقعے کی فوری انکوائری کرانیکی ہدایت جاری کرتے ہوئے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے، انہوں نے آگ کے باعث ہونیوالے جانی نقصان پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی ہیں کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے، گل پلازہ میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کی مکمل جانچ کی جائے اوریہ دیکھا جائے کہ آیا فائرسیفٹی قوانین پرعملدرآمد کیا جا رہا تھا یا نہیں، اگر تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں