الیکشن کمشنر کا لگایا ہوا وزیراعلیٰ نہیں چلنے دیں گے، پرویز الہٰی
شیئر کریں
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے لگائے گئے وزیراعلیٰ کو نہیں چلنے دیں گے اور ایسے اقدام کے خلاف عدالت جائیں گے،عمران خان قائداعظم کے بعد بڑے لیڈر ہیں ، وہ جب غلطی کرتے ہیں تو ہم انہیں روکتے ہیں ۔وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں حرمت قرآن کریم پورٹل کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر انہوں قرآن بورڈ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا خصوصی سیل بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کہا کہ حرمت قرآن کریم پورٹل آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا، پورٹل ویب سائٹس پر موجود قرآن کریم سے متعلق جعلی مواد کی نشاندہی کرے گا، حرمت قرآنِ کریم پورٹل قرآن بورڈ اور متعلقہ اداروں کو ویب سائٹس پر قرآن سے متعلق منفی مواد کے بارے میں الرٹ جاری کرے گا، قرآن پورٹل متعلقہ اداروں کو متنازعہ مواد بلاک کرنے اور ایسا مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے بھی الرٹ جاری کرے گا۔وزیراعلی نے بتایا کہ حرمت قرآن کریم پورٹل کے ذریعے مذموم حرکتیں کرنے والوں کی ویب سائٹس کو بلاک کیا جاسکے گا، سسٹم کی مدد سے پبلشرز اور ای پبلشرز کی رجسٹریشن اور مانیٹرنگ بھی کی جا سکے گی، قرآن پورٹل بنانے میں دو ماہ کا وقت لگے گا، یہ ٹیکنالوجی سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک کو بھی دیں گے۔پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جب بھی الیکشن ہوں گے ہم بھرپور مقابلہ کریں گے۔نگراں وزیر اعلی کے لئے ہمارے مجوزہ ناموں میں مسلم لیگ (ن) کے لوگ بھی تھے، ایک کو شہباز شریف کے اپنے کیبینٹ سیکریٹری ہیں، ناصر کھوسہ بھی شہباز شریف کے چیف سیکریٹری رہے ہیں۔ ہمیں الیکشن کمیشن کی نیت اور سوچ کا پتا ہے، الیکشن کمیشن تو روزانہ عمران خان کے خلاف کیسز بنا رہا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کا لگایا ہوا وزیراعلی نہیں چلنے دیں گے، الیکشن کمشنر کے چیف منسٹر کے خلاف عدالت جائیں گے۔عمران خان کو قائداعظم کے بعد بڑا لیڈر قرار دیتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان جب غلطی کرتے ہیں تو ہم انہیں روکتے ہیں لیکن جب دشمن غلطی کرے تو اسے نہیں روکنا چاہیے اسے ڈوبنے دینا چاہیے۔نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق (ن) لیگ والوں سے پوچھیں۔