میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نئے کارڈ کھیلنے پر پی ڈی ایم  کے ہوش اُڑ جائیں گے، عمران خان

نئے کارڈ کھیلنے پر پی ڈی ایم کے ہوش اُڑ جائیں گے، عمران خان

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۹ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے خود کو محفوظ نہیں سمجھتا، ریلیوں میں بلٹ پروف اسکرین استعمال کروں گا۔ پنجاب اسمبلی کی تحلیل پی ڈی ایم کیلئے ایک ایسا شاٹ ہے جس کی گونج صدیوں تک انہیں سنائی دے گی، میرے پاس ابھی بہت سے ایسے کارڈ باقی ہیں جب کھیلوں گا تو ان کے ہوش اڑ جائیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا یہ الیکشن کا سال ہے تو ظاہر ہے ہم عوامی ریلیاں نکالیں گے، سیاسی جماعتیں ایسا ہی کرتی ہیں۔ عمران خان نے ایک بار پھر اس خدشے کا اظہار کیا کہ مجھے نااہل کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے، میرے خلاف نئے نئے مقدمے بنائے جا رہے ہیں لیکن ایسا کوئی کیس نہیں جو مجھے نااہل کر سکے۔سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا میں خود کو محفوظ نہیں سمجھتا، مزید احتیاط کروں گا، انتخابی جلسوں اور ریلیوں میں بلٹ پروف اسکرین استعمال کروں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا چھپ کر بیٹھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، میں انتخابی مہم کے لیے باہر نکلوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام آزادانہ اور منصفانہ انتخابات سے ہی ممکن ہے، آزادانہ انتخابات سے مقبول عوامی مینڈیٹ والی حکومت ہی معاشی مسائل حل کر سکتی ہے، فوری انتخابات نہ ہوئے تو موجودہ اقتصادی صورت حال مزید خراب ہو گی، ہمیں سری لنکا کی طرح کے معاشی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسمبلی تحلیل کے بعد بھیجی گئی سمری میں انتخابات کی تاریخ نہ لکھ کر آئینی کی خلاف ورزی کی، اس اقدام کو عدالتوں میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اگر ملک میں صاف شفاف انتخابات نہ ہوئے تو سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار کے بارے میں صرف اتنا ہی کہوں گا کہ وہ ساری تباہی کا ذمہ دار ہے، مسلم لیگ ن کے اندر توڑ پھوڑ کے حوالے سے سنجیدہ آوازیں سننے کو مل رہی ہیں، مسلم لیگ ن کی موروثی سیاست کے خلاف پہلی آواز چودھری نثار نے بلند کی، اگر جنرل الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ بھی ہوا تو سڑکوں پر احتجاج کا کوئی آپشن زیر غور نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم مکمل طور پر فیل ہو چکی، اب ہر گزرتے دن کے ساتھ مشترکہ طور پر عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے، ان کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں، انہوں نے عوام کے وسائل کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا، نواز شریف قطعا سیاستدان نہیں، صرف تحریک انصاف کی حکومت ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کا صرف اور صرف سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا، اگر مجھے نہ اہل کر بھی دیا تو لوگ تحریک انصاف کے نظریے کو ووٹ دیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں