منی بجٹ شیرخواربچوں پربھاری،ٹن پیک دودھ کی قیت میں ہوشربااضافہ
شیئر کریں
حالیہ منی بجٹ کے اثرات ٹن پیک دودھ استعمال کرنے والے بچوں پر آنا شروع ہوگئے ہیں۔موریناگا نامی کمپنی نے بچوں کے دودھ بی ایف انفینٹ فارمولہ، انفینٹ فارمولہ ٹو اور تھری 400 گرام کے پیک کی قیمت میں 15 روز میں 210 روپے جبکہ 900 گرام پیک کی قیمت میں 450 روپے کا ہوش ربا اضافہ کردیا ہے۔اس ضمن میں صدر ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان محمد عاطف بلونے بتایاکہ بچوں کو مجبوری میں ڈبے کا دودھ پلانے والے والدین کے لئے اب دودھ ان کی پہنچ سے دور ہوگیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ وفاقی حکومت بچوں کی ادویات اور بالخصوص بچوں کے لیے دودھ پائوڈر کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کا فوری نوٹس لے۔محمد عاطف بلونے کہاکہ موجودہ حکومت کی جانب سے منی بجٹ کے آنے کے چند روز میں جس طرح ادویات ساز کمپنیوں اور بچوں کے دودھ پائوڈر بنانے والی کمپنیوں نے جس تیزی سے قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اسے فوری واپس لیا جائے۔موجودہ مہنگائی اور بیروزگاری نے اب لوگوں کا مرنا باقی رکھ دیا ہے۔جس طرح گذشتہ 3 برس کے دوران ادویات سمیت روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں میں کئی سو فیصد اضافہ ہوا ہے اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔محمد عاطف بلونے کہاکہ وفاقی وزیر تجارت اور خود وزیر اعظم فوری طور پر جان بچانے والی ادویات اور بالخصوص بچوں کے دودھ پائوڈر کی قیمتوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس اضافہ کو واپس لینے کی ہدایات جاری کریں۔