انتخابات: الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ دوبارہ شروع کر دی
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کے سلسلے میں ٹریننگ دوبارہ شروع کر دی گئی۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ پھر سے ملک بھر میں شروع کر دی گئی جوکہ 19 دسمبر 2023 کو مکمل کر لی جائیں گی۔مجموعی طور پر 859 ریٹرننگ آفیسرز اور 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ٹریننگ دی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن کے سینیئر افسران ٹریننگ دے رہے ہیں۔دوسری جانب، ڈی سی اسلام آباد نے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر عرفان میمن کی جانب سے ڈی جی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔تعلیمی اداروں میں اسٹاف کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، عام انتخابات تک کسی بھی سرکاری ملازم کو چھٹی کی اجازت نہ ہوگی البتہ میٹرنٹی اور میڈیکل لیوز کے استثناء حاصل ہوگا۔ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور اسکے ماتحت اداروں کے افسران و دیگر ملازمین سردیوں کی چھٹیوں میں بھی کسی دوسرے شہر نہیں جائیں گے۔فیڈرل ڈائریکٹوریٹ اور اسکے ماتحت اداروں کے افسران و ملازمین موسم سرما کی چھٹیوں میں بھی اپنی تعیناتی کے مقامات پرموجود رہیں گے۔