لاپتہ افراد کا مسئلہ سنگین ، جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت ہے، اسد عمر
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ سنگین ہے، اس مسئلے کو جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت ہے، آئین کے برخلاف لوگوں کو اٹھا کر لاپتہ کرنا قبول نہیں۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر آیا ہوں، پورا پاکستان الیکشن کی طرف جا رہا ہے، اسمبلیاں تحلیل کرنے والے بیان سے پی ڈی ایم خوفزدہ ہے، پی ڈی ایم والو اب عمران خان کا مقابلہ کرو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت تاریخ کی بدترین مہنگائی ہے، تحریک انصاف میں بڑی بڑی شخصیات شمولیت کر رہی ہیں، پہلی مرتبہ بلوچستان کو پورا حق دینے کی کوشش کی گئی، شہباز شریف عمران خان کے منصوبوں کا افتتاح کرنے پہنچ جاتے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے لئے پنجاب سے زیادہ پیسے رکھے، 600 ارب سے زائد کا ترقیاتی پیکج بلوچستان کو دیا گیا، گمشدہ لوگوں کا مسئلہ بلوچستان میں سنگین ہے، لاپتہ افراد کا مسئلہ جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت ہے، آئین کے برخلاف لوگوں کو اٹھا کر لاپتہ کرنا قبول نہیں، اگر کسی نے قانون کے خلاف کام کیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ برہنہ تشدد کر کے کیا پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، بلوچستان کے نوجوانوں کو شدت سے احساس ہے کہ ان کے وہ حکمران نہیں جو اقتدار میں ہیں، بلوچستان کے لوگ باقی صوبوں کے لوگوں سے کم نہیں۔