اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان، سیاسی محاذ گرم ، لاہور میں اہم ملاقاتیں
شیئر کریں
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختوا نخواہ اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ کے اعلان کے بعد سیاسی محاذ گرم ہو گیا، صوبائی دارالحکومت لاہور میں تین اہم سیاسی شخصیات کے درمیان ملاقاتیں ہوئی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر جا کر ملاقات کی۔ شہباز شریف نے شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر معیشت سمیت مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً عمران خان کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختوانخواہ اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان بارے تبادلہ خیال اور آئندہ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف واپس اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے جہاں کچھ دیر بعد پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری ان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی معاشی اور موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آصف علی زرداری کو چودھری شجاعت حسین سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں اسمبلیوں کی تحلیل خصوصاً پنجاب اسمبلی کے حوالے سے تبادلہ خیال اور حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس سلسلہ میں قریبی رابطے رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور رہنماؤں کی سطح پر بھی رابطے ہوں گے جس میں متفقہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔