سلور سینڈز کلفٹن منصوبہ ،شہریوں سے فراڈ کی سیٹلمنٹ رپورٹ طلب
شیئر کریں
سندھ ہائیکورٹ نے سلور سینڈز کلفٹن کے منصوبے کے نام پرشہریوں سے فراڈ کے معاملے پر بلڈر سکندرعبدالکریم کی درخواست ضمانت کی سماعت15 جنوری تک ملتوی کردی،عدالت نے 2 ہفتے بعدسیٹلمنٹ کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں آپ لوگ سارے جہاں کو ماموں بناتے ہیں آپ کو کون ماموں بنائے گا؟تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سلور سینڈز کلفٹن کے منصوبے کے نام پر600 شہریوں سے فراڈ کے معاملے پر سماعت ہوئی۔عدالت نے کہا کہ آپ لوگ سارے جہاں کو ماموں بناتے ہیں آپ کو کون ماموں بنائے گا؟وکیل نے کہا کہ ہم نے 22لوگوںکو نوٹس بھیجے 7نے جواب دیا ،عدالت نے کہا کہ 25یا30سال بعد آپ کہیں گے آپ سے 25لاکھ روپے لئے تھے ،وکیل نے کہا کہ باقی لوگ ہمارے پاس نہیں آرہے ہم کیسے سیٹلمنٹ کریں؟عدالت نے کہا کہ آپ لوگ7کروڑروپے جمع کرائیں اور سب کی سیٹلمنٹ کرائیں،جن لوگوں نے 25لاکھ روپے دیئے وہ بیچارے کہاں جائیں ؟۔جنہوں نے 25لاکھ روپے دیئے تھے ان کاایک کروڑتوبنتا ہے ،عدالت نے کہا کہ لوگوں نے اس شہر میں بلڈر کی شکل نہیں دیکھی ان کے فرنٹ مین ”ماشااللہ”ہوتے ہیں،ہم آپ پر چھوڑتے ہیں جلد لوگوں کی سیٹلمنٹ کروائی جائے ۔عدالت نے بلڈر سکندرعبدالکریم کی درخواست ضمانت کی سماعت15 جنوری تک ملتوی کردی اور2 ہفتے بعدسیٹلمنٹ کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔