
مہنگی سبزیوں کاکچھ روزبائیکاٹ کیاجائے
شیئر کریں
مکری جناب
سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ بے لگام قیمتوں نے گھروں کا بجٹ متاثر کر کے رکھ دیا ہے۔ گوشت تو پہلے ہی عوام کی پہنچ سے دور تھا ‘ اب غریب سبزی پکانے کے قابل بھی نہیں رہا۔ ایک خبر کے مطابق موسم سرما کی سوغات مٹر سمیت سبز مرچ‘ ادرک اور لہسن سو رپے جبکہ ٹماٹر اور پیاز ستر روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔ جس رفتار سے مہنگائی بڑھ رہی ہے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سبزیاں بھی عنقریب عوام کی دسترس سے باہر ہو جائیں گی۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کا اس سلسلے میں کردار قابل تشویش ہے ، پہلے جب بھی ملک میں کوئی تہوار آتا ہے تب اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتاتھا ۔لیکن عام دنوں میں کھانے پینے کی بنیادی اشیا کی قیمتوں کا یوں بڑھ جانا قابل مذمت ہے۔دھنیا جیسی سبزیاں ایسی ہیں جو دکاندار ماضی میں مفت دے دیا کرتے تھے لیکن اب وہ بھی قیمتاً ملتی ہیں۔عوام کو چاہیے کہ وہ چند سبزیوں کا کچھ دن بائیکاٹ کریں اسی طرح قیمتیں نیچے لائی جا سکتی ہیں۔ حکومت بھی سبزیوں کی ترسیل اور ان کی قیمتوں کے بارے میں کوئی میکانزم بنائے اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا قانون ختم کرے۔ ہر کوئی عوام کو ہانکے جا رہا ہے۔ عوام کو ریلیف نہیں مل رہا۔یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ کامل شیخ ۔ ۔۔۔ برنس روڈ‘کراچی