میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مریم نواز کا عدلیہ کے ترازو پر حملہ

مریم نواز کا عدلیہ کے ترازو پر حملہ

منتظم
پیر, ۱۸ دسمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی(تجزیہ:باسط علی)کسی بھی ابہام کے بغیر اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ نوازشریف اور اُن کی صاحبزادی عدلیہ کے ساتھ تصادم کو ختم کرنے پر آمادہ نہیں۔ سابق وزیراعظم اور اُن کی بیٹی مریم نواز کی عدالت میں پیشی کے لیے لندن سے پاکستان آمد سے قبل عدلیہ نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی اہلیت کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا اور اگلے ہی دن منصف اعلیٰ ثاقب نثار نے لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے اپنے دوٹوک اور قدرے بے تکلفانہ خطاب میں اپنا دل کھول کررکھ دیا۔ منصف اعلیٰ نے دوٹوک طور پر کہا کہ’’ ہم آزادی کے ساتھ کام کررہے ہیں ،ہم پر دباؤ ڈالنے والا ابھی پیدا نہیں ہوا۔ہم نے تمام فیصلے قانون کے مطابق کیے۔اگر کسی کا دباؤ ہوتا تو حدیبیہ پیپرملزکیس کا فیصلہ وہ نہ آتا جو آیا ہے۔‘‘منصف اعلیٰ نے یہ بھی فرمایا کہ ’’میں نے اور میرے ساتھیوں نے آئین کے تحفظ کی قسم کھائی ہے،عدلیہ آپ کی بزرگ ہے۔آپ کے خلاف فیصلہ ہو تو یہ گالیاں نہ دیں کہ بابا کسی پلان کا حصہ بن چکا ۔ یہ بابا نہ تو کسی پلان کا حصہ بنا ہے اور نہ بنے گا۔‘‘ منصف اعلیٰ کے اس خطاب کے بعد مریم نوا ز کا ٹویٹر ہینڈل پوری حقارت کے ساتھ حرکت میں آیا ۔مریم نواز نے بغیر وقت ضائع کیے طنزیہ انداز میں یہ سوال کیا کہ ’’مائی لارڈکیا آپ کا بابا واٹس ایپ کالز بھی کیا کرتا تھا۔مریم نواز نے اپنے اگلے ٹویٹ میں عمران خان کی نااہلیت کے مقدمے میںجسٹس فیصل عرب کے اضافی نوٹ کو بھی نشانا بنایا اور کہا کہ ’’انصاف خود بولتا ہے، اسے کسی تشریح، تفسیر، تقریر یا اضافی نوٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔‘‘مسلم لیگ نون کے اندرونی حلقے مریم نواز کے اس بیان پر زیادہ پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب انتخابات قومی سیاست کے افق پر چھا رہے ہیں، نوازشریف اور اُن کی صاحبزادی نے ایک ایسی روش اختیار کر رکھی ہے، جووزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے لیے بھی مستقبل میں مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔عدلیہ نے حدیبیہ پیپرملز کیس میں جو فیصلہ سنا یا ہے اُس نے مسلم لیگ نون کے عقابوں اور نوازشریف اور اُن کی صاحبزادی کے عدلیہ مخالف بیانئے کو سخت دھچکا پہنچایا ہے۔شریف خاندان کے اندرونی ذرائع کے مطابق یہ پہلو نوازشریف اور اُن کے خاندان کو بھی پریشان کررہا ہے کہ شہبازشریف کو عدلیہ کے ذریعے عملی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑرہا کہیں یہ چھوٹے بھائی کی طرف سے زیادہ بہتر حکمت عملی کا نتیجہ تو نہیں۔تاہم بڑے بھائی کے گھرانے میں اِسے کسی ملی بھگت کا شاخسانہ سمجھا جارہا ہے۔یہ پہلو خاندان کے اندر بھی تنازعات کو بڑھا رہا ہے۔اس سے قطع نظر یہ ایک یقینی پہلو ہے کہ نوازشریف اور اُن کا گھرانہ عملاً عدلیہ کے خلاف محاذآرا ہو چکا ہے۔ جبکہ اب اُنہیں عدلیہ کی طرف سے جواب بھی دیا جارہا ہے۔چنانچہ مریم نواز کے ٹویٹر کو دراصل فرسٹریشن کا نتیجہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔ نوازشریف اور اُن کے گھرانے نے کچھ عرصے سے شعوری طور پر فوج کے خلاف زبان بند رکھ کر عملاً عدلیہ کے خلاف بیان بازی شروع کردی تھی اور یہ سمجھا جارہا تھا کہ عدلیہ ا س پر جواب دینے کے قابل بھی نہیں ہوگی، مگر عدلیہ کے معزز اور قابل منصفین نے انتہائی شائستگی سے نوازشریف اور اُن کے گھرانے کو جواب دینا شروع کردیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر مریم نواز اور اُن کے والد محترم نے اس امر پر غور نہیں کیا کہ منصف اعلیٰ ثاقب نثار نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کیس کے فیصلے میں لکھا ہے کہ اقتدار میں رہنے والے اور عوام کے منتخب نمائندے ایماندا ر ہونے چاہئے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی امور ایماندار اور صادق لوگوں کی جانب سے نہیں چلائے جارہے ہیں۔اگر نوازشریف اور اُن کا گھرانہ اس پر غور کرتا تو دراصل اُنہیں عدلیہ سے لڑنے کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔ اُنہیں یاد کرنا چاہئے کہ جسٹس (ر) قیوم کو ٹیلی فون کرتے رنگے ہاتھوں کو ن پکڑا گیا تھا؟ چیف جسٹس(ر) سجاد علی شاہ مرحوم کے خلاف چلائے جانے والی مہم میں نوازشریف سابق صدر رفیق تارڑ کے ساتھ بریف کیس لے کر کوئٹہ کیوں گئے تھے؟ دراصل عدلیہ کو اپنی مرضی سے چلانے کے دیرینہ کھیل سے عدلیہ کے باہر ہونے سے وہ کچھ سامنے آرہا ہے، جو شریف خاندان کے ردِ عمل کا باعث بن رہا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں