نگراں حکومت بجلی و گیس قیمتوں میں اضافے سے باز رہے ، حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے نگراں حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں انتہائی معمولی کمی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک طرف مہنگائی میں کمی کی خوشخبریاں دے رہی ہے دوسری طرف مہنگائی کو بڑھانے اور عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافے کے اقدامات کر رہی ہے۔ جب حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی نہیں کرے گی اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرے گی تو پھر مہنگائی کس طرح کم ہو سکتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے نگراں حکومت سے کہا ہے کہ اس کا کام معمول کی حکومتی سرگرمیاں اور صاف شفاف انتخاب کروانا ہے وہ صرف ان امور پر ہی توجہ دے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے، پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے اور مہنگائی کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے آئی ایم ایف سے بار بار قرضوں کے پروگرام لینے کے باعث قومی معیشت تباہ ہوئی اور عوام بدحال ہوئے۔