نیشنل بینک میں اربوں روپے کی رقم میں ہیر پھیر
شیئر کریں
نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے غیر ملکی برانچز میں ناسٹرو فارین اکائونٹس کے تحت 8 ارب روپے کی لین دین، انتظامیہ اربوں روپے کی رقم کو ہم آہنگ کرنے میں ناکام ہوگئی، ناسٹرو فارن اکائونٹس کی پرانی انٹریزکا معاملہ بھی طے نہ ہوسکا۔ جراٗت کی رپورٹ کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان دنیا بھر میں اپنی برانچز میں رقم کی لین دین کے لیے ناسٹرو فارن اکائونٹس قائم کیے ہیں، ناسٹرو فارن اکائونٹ کااہم مقصد بروکریج ہائوسز اور مختلف پارٹیز سے رقم کی لین دین کرنا یا خرید و فروخت کرنا ہے، دنیا بھر میں موجود نیشنل بینک کی برانچز میں ناسٹرو فارن اکائونٹس کی پرانی انٹریز کے تحت ڈالر اور یورو کی لین دین کی گئی، لین دین کی روپے میں کل رقم 8 ارب 9 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے، خرید و فروخت ہوئی لیکن نیشنل بینک انتظامیہ بیرون ممالک کے ناسٹرو فارن اکائونٹس کے اربوں روپے نیشنل بینک کی مین برانچ کے ریکارڈ سے ہم آہنگ نہیں کرسکی۔ نیشنل بینک کے ایک افسرنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دنیا بھرمیں این بی پی برانچز میں ڈالر اور یورو کی لین دین کو نیشنل بینک کی مین برانچ کے ریکارڈ سے ہم آہنگ نہ کرنا این بی پی انتظامیہ کی کوتاہی اور نااہلی ہے، اعلیٰ افسران کو معاملے کے متعلق آگاہی بھی دی گئی لیکن انتظامیہ نے سنجیدہ معاملے کو اہمیت نہیں دی، نیشنل بینک انتظامیہ نے تاحال ناسٹرو فارن اکائونٹس کی لین دین کی رقم کو نیشنل بینک کے ریکارڈ سے میچ نہ کرنے کی کوئی تحقیقات نہیں کی اور نہ ذمہ دار افسران کے نام طے کیے۔