پی ڈی ایم کامہنگائی کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان
شیئر کریں
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان قوم کو مسائل اور معاشی تباہی سے نجات دلانے کیلئے سڑکوں پر آنے پر اتفاق کیا۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہبازشریف اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ملک مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔شہبازشریف نے ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف بھرپور تحریک چلانے کے فیصلے کی توثیق کی جبکہ قائدین نے ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے ملک بھر میں احتجاج، احتجاجی ریلیاں اور مارچ کرنے کی بات پر اتفاق کیا کہ قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے نجات دلانے کے لئے گھروں سے نکلنا ہوگا۔بعد ازاںجمعیت علما اسلام (ف) و پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شاہد خاقان عباسی اور محمود خان اچکزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہنگامی طور پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، پی ڈی ایم میں شامل سربراہان کے مشورے سے بیان جاری کیا جارہا ہے، پی ڈی ایم کے مؤثر اقدام کی ضرورت تھی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورے ملک سے عام آدمی کی چیخ و پکار آسمان کو پہنچ رہی ہے، آئے روز مہنگائی بم گرائے جارہے ہیں، عام آدمی خودکشی پر مجبور ہوگیا ہے، ہم اگلے دو ہفتوں کے لیے پورے ملک میں مظاہروں کا اعلان کر رہے ہیں، بارہ ربیع الاول کی تقریبات سے فارغ ہونے کے بعد ہر ضلعی ہیڈ کوارٹرز سے مظاہرے کیے جائیں گے۔