فیکٹری ٹینک میں صفائی کرنیوالے 6مزدور جاں بحق
شیئر کریں
کراچی کے انڈسٹریل ایریا سائٹ میں ایک فیکٹری کے زیر زمین ٹینک میں صفائی کرنے والے 6 مزدور زہریلی گیس کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے، لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیوذرائع کے مطابق واقعہ سائٹ میں نورس چورنگی کے قریب واقع فیکٹری میں پیش آیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیکٹری کا ایک ملازم زیرِ زمین ٹینک میں صفائی کے لیے اترا تھا، مبینہ طور پر زہریلی گیس سے اس کی حالت خراب ہوئی تو مدد کے لیے دوسرا مزدور نیچے اترا۔اسی طرح متاثرہ افراد کو بچانے کے لیے جانے والے دیگر افراد کی حالت غیر ہو تی گئی تو انتظامیہ نے پولیس اور امدادی اداروں کو اطلاع دی۔ریسکیوذرائع کے مطابق ان کے رضاکاروں نے 6افراد کو انتہائی تشویش ناک حالت میں ٹینک سے نکال لیا تھا جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔پولیس حکام کے مطابق گارمنٹس فیکٹری کا ٹینک کیمیکل کا تھا، اور واقعے کے وقت مزدور فیکٹری کے ٹینک کی صفائی کررہے تھے، ابتدائی تفتیشن میں پتہ چلا ہے کہ مزدوروں کی موت دم گھٹنے سے واقع ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ جمعہ کی رات سائٹ ایریا میں فیکٹری سے6 مزدوروں کی لاشیں ملی ہیں۔ مرنے والے مزدور ٹینک کی صفائی کررہے تھے۔مزید مزدوروں کے ٹینک میں موجود ہونے کا خدشہ ہے،مزدوروں کی لاشیں ٹینک میں ڈوبی ہوئی تھیں۔گھروں پر نہ پہنچنے پر اہل خانہ فیکٹری آئے تو انھیں مزدوروں کی موت کی اطلاع ملی۔ریسکیو حکام نے بتایاکہ کیمیکل کے ٹینک میں زہریلی گیس سے مزدورجاں بحق ہوئے،مزدور 50 فٹ گہرے ٹینک میں صفائی کے کام کیلئے اترے تھے۔ فیکٹری انتظامیہ نے کسی قسم کا موقف دینے سے گریز کیا ہے۔لاشوں کو عباسی اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔