میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اورنگی ٹائون کوروناضوابط پر عملدرآمد نہ کرنے پر 4اسکول سیل

اورنگی ٹائون کوروناضوابط پر عملدرآمد نہ کرنے پر 4اسکول سیل

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۸ ستمبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے اورنگی ٹائون میں 4 نجی اسکولوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی اور اسکولوں میں پری پرائمری اور پرائمری کے بچوں کو تعلیم دینے کے حکومتی احکامات کے خلاف اسکول کھولنے پر ان تمام اسکولوں کو سیل کردیا ہے جبکہ ان کے خلاف ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔ دوسری جانب اپنے فرائض سے غفلت بڑتنے پر صوبائی وزیر تعلیم نے ایجوکیشن ٹائون آفیسر اورنگی ٹائون میٹھا خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری تعلیم سندھ کو ہدایات دی ہیں کہ 21ستمبر اور 28 ستمبر سے قبل تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کے اساتذہ اور اسٹاف کے کرونا ٹیسٹ کو یقینی بنایا جائے اور جن جن میں کرونا ٹیسٹ مثبت پایہ جائے انہیں اسکولوں میں آنے کی اجازت نہ دی جائے۔ سعید غنی نے کہا ہے کہ 15 ستمبر سے قبل 16 کالجز کے اساتذہ میں کرونا کی تصدیق ہوگئی تھی اس لئے ان کو کالجز نہیں آنے دیا گیا ہے جبکہ 15 ستمبر کے بعد اندرون سندھ کے دو کالجز کے 8 اساتذہ میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ان دونوں کالجز کو بند کردیا گیا ہے اور وہاں ڈس انفیکشن کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبے میں تعلیمی ادارے کھلنے کے مسلسل تیسرے روز بھی وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے صبح سویرے ہی شہر کے مختلف علاقوں کے تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے 4 اسکولز جن میں فیض پبلک اکیڈمی اورنگی ٹائون، بیسٹ وے گرامر اسکول اورنگی ٹائون، الائیڈ اسکول اورنگی ٹائون ساڑھے گیارہ نمبر کیمپس اورحاجرہ میموریل ہائی اسکول کے دورے میں یہاں ایس او پیز کے برخلاف پری پرائمری اور پرائمری کے بچوں کی تعلیم شروع کردینے پر ان کو سیل کرنے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے احکامات صادر کئے۔ صوبائی وزیر کے ڈپٹی کمشنر ویسٹ اور ڈی جی پرائیویٹ اسکولز منصوب صدیقی کو ہدایات دی کہ فوری طور پر ان اسکولوں کو سیل کرکے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوںنے ڈی سی ویسٹ اور ڈی جی پرائیویٹ اسکولز کو احکامات دئیے کہ وہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں قائم تمام چھوٹے اور بڑے اسکولوں کو دورہ کریں اور جہاں جہاں حکومتی احکامات کے برخلاف کوئی عمل کیا جارہا ہو تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ صوبائی وزیر نے گارڈن ویسٹ میں قائم ایڈن گرامر اسکول، اورنگی ٹائون میں قائم کے ایم سی گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز پرائمری و سیکنڈری اسکول، ٹی سی ایف اسکول، گورنمنٹ گرلز اسکول اورنگی ٹائون نمبر ٩، ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز اسکول اورنگی ٹائون نمبر ٥، گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج سیکٹر ساڑھے گیارہ، گورنمنٹ عبداللہ گرلز کالج، نارتھ ناظم آباد سمیت متعدد سرکاری و نجی اسکولوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ ڈسٹرکٹ کے ڈی اوز، ای ٹی اوز سمیت دیگر افسران سے رابطہ کیا اور ان سے ان کی اپنی ڈسٹرکٹ کی سرگرمیوں کے حوالے سے بازپرس کی۔ ای ٹی او اورنگی ٹائون میٹھا خان کی جانب سے خاطر خواہ جواب نہ ملنے اور ان کا احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کی پاداش میں صوبائی وزیر نے سیکرٹری تعلیم سندھ کو میٹھا خان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں اور سرکاری احکامات کے برخلاف کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ جو اساتذہ اور افسران کوتاہی کے مرتکب ہوئے ان کے خلاف بھی سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ ہم بچوں کی صحت پر کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کریں گے اور ساتھ ساتھ میں ایک بار پھر والدین سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو مکمل ایس او پیز کے تحت تعلیمی اداروں میں بھیجیں جبکہ 21 ستمبر کے بعد کلاس 6 تا 8 اور 28 ستمبر کے بعد پری پرائمری اور پرائمری کے بچوں کو اسکول بھیجیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر کوئی تعلیمی ادارہ والدین پر ان تاریخوں سے قبل ان کے بچوں کو بلوانے کے لئے زور دیتا ہے تو اس کی شکایات متعلقہ ڈپٹی کمشنر یا تھانہ کو کریں ۔ انہوںنے کہا کہ ہم بچوں کی صحت سے کسی کو بھی کسی قیمت پر کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں