میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
منی وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا، 158 ارب کے نئے ٹیکس ،5 ہزار اشیا مہنگی ہونے کا امکان

منی وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا، 158 ارب کے نئے ٹیکس ،5 ہزار اشیا مہنگی ہونے کا امکان

ویب ڈیسک
منگل, ۱۸ ستمبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے منی بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دے دی جن کے مطابق نئے بجٹ میں 158 ارب روپے کے نئے ٹیکس عائد ہوں گے ،وفاقی بجٹ آج کابینہ کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔پی ٹی آئی حکومت اپنا پہلا بجٹ آج کابینہ سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کرے گی ۔نئے بجٹ میں ترقیاتی بجٹ کے حجم میں 450 ارب روپے کی کمی کی جائے گی ۔وفاقی حکومت نے بجٹ خسارہ 6اعشاریہ6فی صد سے کم کرکے 5 فی صد تک لانے کی تجویز دی ہے جس کے لئے مجموعی طور پر 608ارب روپے کے اخراجات کم کیے جانے یا مزید وسائل مہیا کی تجویز ہے ۔
ذرائع کے مطابق 158ارب روپے مختلف ٹیکس لگا کر حاصل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے ۔ایک فیصد کی شرح سے تمام اشیا پر سپر ٹیکس اور ایک فی صد کی شرح سے ہی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کیے جانے کی تجویز بھی شامل ہے ،ٹیکس سے استثنیٰ کی حد 12 لاکھ روپے سالانہ سے کم کر کے 8 لاکھ کرنے کی تجویز ہے جبکہ مختلف آمدن رکھنے والوں کے لیے ٹیکس کی شرح میں ردو بدل بھی کیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق مختلف اشیا پر کسٹم ڈیوٹی 2 سے 3 فیصد بڑھائی جاسکتی ہے ، کسٹم ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح 23 فیصد کیے جانے کا امکان ہے، واضح رہے کہ کسٹم ڈیوٹی کی موجودہ حد20 فیصد ہے ۔تفصیلات کے مطابق اعلیٰ سرکاری افسران کی مراعات اور الاؤنسز پر بھی ٹیکس چھوٹ محدود کیے جانے کا امکان ہے ۔ ریونیو بڑھانے کیلئے فنانس بل 2018 میں بھی اہم ترامیم کی جائیں گی۔ ایف بی آر نے گزشتہ حکومت کا ٹیکس ریلیف واپس لینے کی سفارش کی ہے ۔ صرف 4 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر انکم ٹیکس کی چھوٹ ہوگی۔ منی بجٹ میں درآمدی کاروں کی حوصلہ شکنی کے لیے 3 کے بجائے 2 سال پرانی کار درآمد کیے جانے کی تجویز بھی شامل ہے ۔پرتعیش اشیا پر بھی ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھائی جاسکتی ہے ۔
400 امپورٹڈ اشیا پر ڈیوٹی بڑھائے جانے کا امکان ہے ۔ جس میں میک اپ کا سامان، بالوں کے سنوارنے کے آلات، کریم، شیمپو، ٹانک، فیشل کا سامان، فیس کریم، فیس پاؤڈر، نیل پالش، پرفیوم، آفٹر شیو اور شیونگ کریم شامل ہیں۔ اے سی، فریج، ڈیپ فریزر اور ایل ای ڈیز سمیت الیکٹرونکس کا سامان بھی مہنگا ہوسکتا ہے ۔اس کے علاوہ سگریٹ پر ٹیکسز میں اضافے اور سستے سگریٹ کی کیٹگری ختم کیے جانے کا امکان ہے ۔ صوبوں کی مشاورت سے امارت پر ویلتھ ٹیکس لگانے اور غیر منقولہ جائیدادوں اور اثاثوں پر ویلتھ ٹیکس لگانے کی تجویز ہے ۔ موبائل فون کی درآمد پر ٹیکس بڑھانے اور ڈیوٹی 6 فیصد تک کیے جانے کا امکان ہے ۔ موبائل فون پرزہ جات اور دیگر آلات پر بھی ڈیوٹی بڑھائے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منی بجٹ میں خسارہ کو مزید کم کیا جائے گا اور خسارے کو 6 فیصد سے کم پر لانے کا ہدف مقرر ہوسکتا ہے ۔ جس کے لیے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں