کیماڑی میں نئے ایس ایس پی کی تعیناتی, سرپرستی کرنے والے تھانیداروں نے چھالیہ اسمگلرپکڑنا شروع کردیے
شیئر کریں
کیماڑی ضلع میں نئے ایس ایس پی کی تعیناتی کے بعد چھالیہ اسمگلروں کی سرپرستی کرنے والے تھانیداروں نے چھالیہ اسمگلروں کے کارندے پکڑنے شروع کردیے ۔ مذکورہ تھانیداروں نے چھالیہ اسمگلروں کو عارضی طور پر کام بند کرنے کی بھی ہدایت کی ہے اور چھالیہ اسمگلروں سے ہی اپنے کیرئیر اور کچھ مال پکڑوانے کی ڈیل بنائی ہے ۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چھالیہ اسمگلروں کے سرپرست تھانیداروں نے چھالیہ اسمگلروں سے نئے ایس ایس پی کیماڑی کے نام پر بھتہ کی رقم بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ سابق ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے اپنے دور میں من پسند افسران کو مخصوص تھانوں اور موچکو چوکی پر تعینات کر رکھا تھا جن کے ذریعے اسمگلروں سے معاملات طے کیے جاتے تھے ۔تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ضلع کیماڑی میں نئے ایس ایس پی کیپٹن ریٹائرڈ فیضان علی کی تعیناتی کے بعد ضلع کیماڑی کے تھانوں میں تعینات چھالیہ اسمگلروں کے سرپرست تھانیداروں نے چھالیہ اسمگلنگ کرنے والے کیرئیرپکڑنے شروع کر دیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے اپنی تعیناتی کے دوران ضلع کیما ڑی کے مخصوص تھانوں اور موچکو چیک پوسٹ پر اپنے من پسند افسران تعینات کررکھے تھے جو ایس ایس پی آفس کے نام پر اسمگلروں سے بھاری بھتہ وصول کرتے تھے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی فدا حسین جانوری کے تبادلے کے بعد مذکورہ تھانیداروں کو اپنی سیٹ خطرے میں نظر آئی اور نئے ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن ریٹائرڈ فیضان علی کی تعیناتی کے بعد مذکورہ تھانیداروں نے نئے ایس ایس پی کو خوش کر نے کیلئے چھالیہ اسمگلروں کے کیرئیروں کو پکڑ کر اپنی کارکردگی دکھانی شروع کردی۔ چھالیہ اسمگلنگ اور دیگر سامان کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بنائی گئی موچکو چیک پوسٹ نے رکشہ سے 190 کلو مضر صحت گٹکا برآمد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک ملزم علی رضا کو گرفتار کیا ۔ موچکو چیک پوسٹ تھانہ موچکو کی حدود میں آتی ہے جہاں سابق ایس ایس پی فداحسین جانوری کا خاص افسر انسپکٹر شاہد چوہدری ایس ایچ او تعینات ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی اور حب کو ملانے والی سڑک پر موشکو چیک پوسٹ ہے جو بڑے پیمانے پر اسمگلروں کو بھاری بھتہ کے عوض تحفظ فراہم کرتی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ایس ایس پی کیماڑی کی تعیناتی کے بعد کیماڑی پولیس نے مضر صحت چھالیہ کے ایک کارخانے سے 41بوریاں چھالیہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چھالیہ اسمگلروں لہ سرپرست کرنے والے تھانیداروں چھالیہ اسمگلروں کو عارضی طور پر کام بند کرنے کا کہا ہے اور اسمگلروں کو کہا گیا ہے کہ وہ خود اپنے کیریئر اور اپنا کچھ مال پکڑوادیں تاکہ وہ نئے ایس ایس پی کو خوش کر سکیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چھالیہ اسمگلروں کے سہولت کار ضلع کیماڑی کے بعض پولیس افسران نے چھالیہ اسمگلروں سے کہا ہے کہ نئے ایس ایس پی کیماڑی کی تعیناتی کے بعد اب ان سے بھتہ کی نئی ڈیل بنے گی جبکہ ایسی اطلاعات بھی ملی ہیں کہ چھالیہ اسمگلروں سے نئی موکل دلوانے کے نام پر کروڑوں روپے کا بھتہ طلب کیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ایس ایس پی کیماڑی کو سابق ایس ایس پی کے منظور نظر افسران اپنے کنٹرول میں لینا چاہتے ہیں اور ان کا اعتماد حاصل کر کے انہیں بھی ٖفدا حسین جانوری کی طرح استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔