مہاجروں نے جشن آزادی مناکر متحدہ بانی کا منصوبہ ناکام بنادیا، مصطفی کمال
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم نے پاکستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے کہا، لیکن اردو بولنے والوں نے ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا ہے ۔ 70سال میں ایسا آزادی کاجشن نہیں منایا گیا، جو اس بار کراچی میں منایا گیا ہے ۔ الطاف حسین نے بھارتی وزیراعظم سے کہا ہے کہ اردوبولنے والوں کے لیے بھارت میں صوبہ بنائیں۔بانی ایم کیوایم کا اصل چہرہ سامنے آنے پر عوام حقیقت جان چکے ہیں۔ہم مہاجروں کوبانی ایم کیوایم سے چھٹکارا دلانے آئے تھے، ہمارا مقصد پورا ہوگیا ہے ۔ اسٹیبلیشمنٹ سے کہتا ہوں کہ جس طرح سے بلوچستان کے لوگوں کو معاف کیا گیا ہے ایسا ہی پیکیج کراچی والوں کو بھی دیا جائے۔ایم کیو ایم پاکستان برائے فروخت ہے اور ضمیر فروشوں کا مسکن ہے، جو بھی ان کو پیسے دے گا یہ ان کے لیے کام کریں گے، چاہئے ن لیگ ہو یہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان کی وجہ سے ایم کیو ایم لندن اور الطاف حسین پھر سے مضبوط ہوئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا س موقع پر انیس احمد قائم خانی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ بانی ایم کیوایم نے خود کو اب بابائے قوم سمجھ لیا ہے، بانی ایم کیوایم نے 14اگست کو سیاہ دن قرار دیا ، بانی ایم کیوایم نے اب تمام حدیں پار کردی ہیں، انہوں نے لوگوں کو کہاکہ یوم آزادی پر یوم سیاہ مناؤ، بانی ایم کیوایم نے پاکستانی جھنڈا جلوا کر بھارتی میڈیاکو ویڈیوبھجوائی ،بھارتی میڈیا نے ان ویڈیوز پر واویلا کیا۔ بانی ایم کیو ایم نے کہا کہ پاکستان کے پرچم کو جلا کر وڈیو سوشل میڈیا پر ڈالواور ساتھ 14اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا طریقہ بھی بتایا،لیکن منہ چھپا کرجن لوگوں نے گھناؤنا جرم کیاسب کا پتا چل گیاہے ۔انہوںنے کہا کہ شہر کی اس حالت کے ذمہ دار ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن ہیں ۔ آج الطاف حسین کے بہن بھائیوں اور رشتہ داروں کو مشورہ دے رہا ہوںیہ الطاف حسین آپ کو مروا دے گا، آپ تمام بھائی بہن لندن جائیں اور الطاف حسین کو پاگل خانے میں جمع کروائیں، یہ آدمی پاگل ہو گیا ہے، انہوں نے کہاکہ طارق میر اور انور صاحب نے پوری تیاری کر لی تھی کہ ان کو پاگل خانے جمع کروا رہے تھے اس وقت عشرت العباد خان نے بچا لیا تھا۔