نواز شریف کی وطن واپسی ،استقبال کی باقاعدہ تیاریوں کی ہدایت
شیئر کریں
نواز شریف کی وطن واپسی کا معاملہ،ن لیگ نے ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کے استقبال کیلئے بھرپور تیاریوں کی ہدایت کر دی،ن لیگ پنجاب نے تمام ڈویڑنل صدور اور جنرل سیکرٹری کو خط لکھ دیا۔ خط میں ہدایت دی گئی کہ قومی و صوبائی ٹکٹ ہولڈرز،ڈویڑنل و ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز یونین کونسل کی سطح پر نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں فوری شروع کریں۔پارٹی کسی بھی وقت قائد مسلم لیگ ن کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کر سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کا ٹاسک مریم نواز کو سونپ دیا گیا ہے،مریم نواز ملک بھر سے آنے والی ریلیوں کی خود نگرانی کریں گی۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا،دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن نے انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی،جبکہ نگران سیٹ اپ سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ قائد مسلم لیگ ن نے دبئی میں آصف زرداری سے ملاقات پر ان کو اعتماد میں لیا۔ نواز شریف نے سربراہ پی ڈی ایم کو یقین دہائی کرائی کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ناراض مولانا فضل الرحمان کو منانے کا فیصلے کرتے ہوئے انہیں ملاقات کیلئے دبئی بھی مدعو رکھا ہے۔ سابق وزیراعظم سعودی عرب سے لندن کے بجائے دبئی جائیں گے،نوازشریف مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں انکے تحفظات دور کریں گے۔