ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کروانے کا حکم
شیئر کریں
کراچی کی عدالت نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کروانے کا حکم دے دیا ہے۔ ہفتہ کو کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کیلئے شہری کی دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت میں پیش کی گئی پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ جسم کے اندرونی حصوں کا جائزہ لئے بغیرموت کا تعین نہیں ہوسکتا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ مرحوم کے ورثا کو کسی پر شبہ نہیں اور وہ پوسٹ مارٹم کرانا نہیں چاہتے ہیں۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جس کو سنادیا گیا۔ عدالت نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دے دیا۔ پولیس کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی گئی۔ درخواست گزار عبدالاحد کے وکیل ارسلان راجہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ عامر لیاقت کی اچانک پراسرار موت ہوئی۔ وہ معروف ٹی وی ہوسٹ اور سیاست دان تھے۔ بیرسٹر ارسلان راجہ نے کہا کہ عامر لیاقت کی اچانک موت سے ان کے مداحوں میں شکوک و شبہات ہیں اور شبہ ہے کہ عامر لیاقت کو جائیداد کے تنازع پر قتل کیا گیا ہے اور ان کے پوسٹ مارٹم کیلئے خصوصی بورڈ تشکیل دیا جائے۔