این اے 240 کے ضمنی الیکشن، تحریک لبیک پاکستان کا ایک ووٹ بڑھ گیا
شیئر کریں
کراچی کے حلقہ این اے 240 کے ضمنی الیکشن میں مسترد شدہ ووٹوں کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوگیا ،جس کے بعد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے امیدوار کا صرف ایک ووٹ بڑھا ہے اور نتیجے پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ جمعہ کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کے ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد مسترد ووٹوں کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا گیا، جس میں تحریک لبیک کے امیدوار شہزادہ شہباز کا ایک ووٹ بڑھ گیا جبکہ ایم کیوایم کے امیدوار کے ووٹوں میں کوئی فرق نہیں آیا، الیکشن کمیشن جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد فارم 49 جاری کرے گا، ایک ووٹ بڑھنے کے بعد ٹی ایل پی امیدوار کے ووٹ 10ہزار 619 ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسر نے تحریک لبیک کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کی، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے ٹی ایل پی کے امیدوار نے درخواست جمع کرائی تھی۔ خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے محمد ابوبکر10683 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ٹی ایل پی کے شہزادہ شہباز 10618 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے جو بڑھ کر اب 10619 ہوگئے ہیں۔