کراچی کے 3اسپتالوں سے مشینری کی چوری کا نوٹس وزیراعظم نے انکوائری کا حکم دیدیا
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے تین اسپتالوں سے مشینری کی چوری کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ،پی ٹی آئی رہنماؤں نے وزیراعظم سے شکایت کی کہ این آئی سی وی ڈی سے مشینری،سامان چوری ہوناشروع ہوگیا اور اسپتالوں سے بھی سامان غائب کرایا جارہا ہے۔وزیراعظم نے کراچی کے تین اسپتالوں سے مشینری کی چوری کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں کیخلاف بھی شکایات کرتے ہوئے کہا ایم این ایزنے ملنے والے ترقیاتی فنڈزمیں ہم سے مشاورت نہیں کی جبکہ ارکان قومی اسمبلی نے ہماری تجویز پرترقیاتی اسکیمزشامل نہیں کیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اقدامات کریں گے ، ہم آئین کے تحت حاصل اختیارات سے باہر نہیں جائیں گے۔خیال رہے این آئی سی وی ڈی،جناح اسپتال، این آئی سی ایچ وفاق کے کنٹرول میں جانے ہیں جبکہ جناح اسپتال ، قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں نئی بھرتیوں پر اور کسی بھی مشینری اور سامان کے باہر لی جانے پر پابندی عائد ہے۔اس سے قبل وزیر اعظم سے پی ٹی آئی سندھ کورٹیم کی ملاقات ہوئی تھی، کورٹیم نے سندھ میں آرٹیکل ایک سوانچاس کے تحت وفاق کے اختیارات استعمال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے وزیر اعظم کو سندھ حکومت کیخلاف شکایات کیں اور کہا کہ سندھ حکومت کی بدانتظامی،کرپشن کے سبب عوام مسائل کاشکارہیں، جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ شہرمیں وفاقی حکومت کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے۔ذرایع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لاڑکانہ کیلیے ایک ارب کاپیکج دینے کابھی امکان ہے۔