عامر سہیل نے ملکی کرکٹ میں احتساب کا مطالبہ کردیا
شیئر کریں
سابق اوپنر عامر سہیل نے بھی ملکی کرکٹ میں احتساب کا مطالبہ کردیا۔ایک انٹرویو میں عامر سہیل نے کہا کہ بھارت کے ہاتھوں شکست کا رونا تو رویا جارہا ہے لیکن ہمارے ہاں کرکٹرز کی تکنیک پر بات کرنے کا کوئی رواج نہیں، بیٹسمین سیدھی گیندوں پر آئوٹ ہورہے ہیں، بولرز کو لائن و لینتھ اورکنڈیشنز کا اندازہ نہیں ہوتا،اس کی وجہ یہ ہے کہ کرکٹ کی کمان ہی کھیل کا تجربہ رکھنے والوں کے ہاتھ میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ دیگراسپورٹس کا بھی یہی حال ہے ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، پنجاب اور سندھ کے اسپورٹس بورڈزسمیت دیگر کھیلوں کے اداروں کو چلانے والوں کا اسپورٹس میں کیا پس منظر ہے ؟ یہاں عہدوں کا استعمال مال بنانے کیلیے ہوتا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ملک میں کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا، سابق کپتان خود کھلاڑی رہے ہیں تو کرکٹ اور اسپورٹس میں کرپشن کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے ۔عامر سہیل نے کہا کہ دنیا میں اسپورٹس کو ریونیو اور ٹیکس حاصل کرنے کا بہت بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے ، ہمارے ملک میں ان کی کوئی اہمیت ہی نہیں، بھارت نے کبڈی جیسے کھیل پر بھی کام شروع کردیا، ہمارے ہاں ہاکی، فٹبال اور دیگر کھیلوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔