وزیراعظم بے اختیار،فارم47 کے حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں،حافظ نعیم
شیئر کریں
امریکہ، اسرائیل طاغوت، شیعہ سنی تفریق پیدا کرنیوالے ان کے آلہ کار ہیں، امیر جماعت اسلامی
جماعت اسلامی اسٹیبلشمنٹ نہیں عوامی تائید سے اقتدار چاہتی ہے، حلقہ خواتین کی تقریب سے خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم بے اختیار، فارم سنتالیس سے آئے ہوئے حکمرانوں کو قوم کی پرواہ نہیں، یہ اپنے لیے کروڑوں، اربوں کی پرتعیش گاڑیاں اور جہاز خرید رہے ہیں، عوام پر پٹرول بم گرادیا۔ امریکہ، اسرائیل طاغوت، شیعہ سنی کی تقسیم پیدا کرنے والے ان کے آلہ کار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں دورہ قرآن مکمل کرنے والی مدرسات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ثمینہ سعید، ڈاکٹر زبیدہ جبین،نازیہ توحید، عظمیٰ عمران اور دیگر خواتین مقررین نے بھی مدرسات سے خطاب کیا۔ ڈائریکٹر تربیہ اکیڈمی شاہد وارثی نے پریزنٹیشن (Presentation) دی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل سے لاتعلق اس لیے ہیں کہ یہ دھاندلی سے آئے ہیں، ان کی وجہ سے ملک مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سینٹ چیٔرمین کے لیے نو کروڑ کی گاڑی خریدی گئی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے گیارہ ارب کا طیارہ خریدا تو دوسری جانب پٹرول کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیا گیا۔ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں کے لیے عوام کو قربان کررہا ہے۔ عوام ظالم حکمرانوں سے نجات کا حتمی فیصلہ کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کی طاقت سے اقتدار میں آنا چاہتی ہے اور اسے کسی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے کی ضرورت نہیں۔


