رات 3 بجے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ، 5خواتین ، 3بچے جاں بحق، ذبیح اللہ مجاہد
شیئر کریں
افغانستان کی طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی طیاروں کے سرحد سے متصل افغانستان کے صوبہ پکتیکا اور خوست میں فضائی حملوں میں 5 خواتین اور 3 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں الزام لگایا کہ پاکستانی طیاروں نے افغان سرزمین پر فضائی حملہ کیا۔ ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا کہ جاں بحق ہونے والے تمام 8 افراد خواتین اور بچے تھے، انہوں نے کہا کہ رات کو تقریبا 3 بجے پاکستانی طیاروں نے اپنی سرحد کے قریب افغان صوبے خوست اور پکتیکا میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ طیاروں نے پکتیکا کے برمل ضلع میں لامان کے علاقے اور خوست کے سپیرا ضلع میں افغان دبئی کے علاقے پر بمباری کی۔ افغان ترجمان نے الزام لگایا کہ عام شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ پکتیکا میں 3خواتین اور 3بچے مارے گئے ہیں اور ایک گھر منہدم ہوا جبکہ صوبہ خوست میں 2خواتین خوست جاں بحق ہوگئیں اور ایک گھر بھی تباہ ہوا۔