میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایک منٹ میں بھارت کے 5طیارے مار گرانے والے ایم ایم عالم کی چھٹی برسی

ایک منٹ میں بھارت کے 5طیارے مار گرانے والے ایم ایم عالم کی چھٹی برسی

ویب ڈیسک
پیر, ۱۸ مارچ ۲۰۱۹

شیئر کریں

1965ء کی جنگ میں ایک منٹ سے کم وقت میں بھارت کے پانچ طیاروں کو زمین بوس کرنے والے قومی ہیرو ایم ایم عالم کی چھٹی برسی پیر کے روزمنائی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے پیغام میں کہا کہ ایم ایم عالم کی صلاحیت ائیرفورس کی تاریخ میں بے مثال ہے ۔عددی برتری رکھنے والے دشمن ملک بھارت کے خود ساختہ سورماؤں سے ایم ایم عالم کا تین مختلف محاذوں پر ٹاکرا ہوا تھا، ان ہوائی معرکوں کے دوران کچھ ایسے واقعات جنگی تاریخ کا حصہ بن گئے جس کی دنیا بھر کی جنگی ہوا بازی میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ایم ایم عالم 1952ء میں پاکستان ائیرفورس میں شامل ہوئے ۔ اسکواڈرن لیڈر محمد محمودعالم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 1965 ء کی پاک بھارت جنگ میں سرگودھا کے محاذ پر پانچ بھارتی ہنٹر جنگی طیاروں کو ایک منٹ کے اندر اندر مار گرایا۔ ان میں سے چار تیس سیکنڈ کے اندر مار گرائے گئے تھے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے اور نصف صدی سے زائد مدت گذرنے کے بعد بھی قائم ہے ۔محمد محمود عالم نے ایک ہی وقت میں جن 5 بھارتی ہنٹر طیاروں کو خاک چٹائی وہ ایم ایم عالم کے اپنے جنگی جہاز سیبر 86 سے کئی گنا زیادہ برق رفتار اور جنگی صلاحیتوں کے حامل تھے ، ان ہی غیر معمولی جنگی ہوائی مہارتوں پر انھیں فالکن اور لٹل ڈریگن جیسے القابات سے نوازا گیا۔ایم ایم عالم نے 65ء کی جنگ میں مختلف محاذوں پر کل گیارہ بھارتی طیاروں کو تباہی سے دوچار کیا جن میں نو مکمل طور پر تباہ جبکہ دوکو جزوی نقصان پہنچا تھا۔ گیارہ بھارتی ترنگے ان کے جہاز کی باڈی پر نمایاں دکھائی دیتے تھے ۔حکومت پاکستان نے ان کی لازوال خدمات کے اعتراف میں گلبرگ میں ایک اہم سڑک کو ایم ایم عالم سے موسوم کیا۔ انہیں وطن عزیز کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارہ جرات سے نوازا گیا، 18 مارچ 2013 کو طویل علالت کے بعد وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے جبکہ انہیں ماڑی پور میں پی اے ایف بیس مسرور کے شہداء قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں