سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے کئی طریقے ہیں، میاں محمد سومرو
شیئر کریں
وفاقی وزیر شہری ہوابازی میاں محمد سومرو نے کہا ہے کہ سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے کئی طریقے ہیں، جوڑ توڑ کا کام ہمیشہ جاری رہتا ہے ۔ انہوں نے کراچی میں جناح ٹرمینل کے سامنے پودا لگایا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں شجرکاری مہم کے دوران ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی ایوی ایشن پالیسی منظوری کیلئے کابینہ کو پیش کی جائے گی، نئی پالیسی کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ، ہوا بازی کا شعبہ مزید ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ائیر لائنزآپریشن شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ، پی آئی اے کی بحالی کے لیے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے ، پی آئی اے کا بزنس پلان آئندہ تین ہفتوں میں پیش کر دیا جائے گا۔ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کی گرفتاری کے بعد کیا پی ٹی آئی سندھ میں حکومت بنائے گی؟ انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے کئی طریقے ہیں، جوڑ توڑ کا کام ہمیشہ جاری رہتا ہے ۔