کرائسٹ چرچ دہشت گردی پر ملک بھر میں یوم سوگ، قومی پرچم سرنگوں
شیئر کریں
کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے اور اس میں مسلمانوں کے جانی نقصان پر پاکستان میں پیر کو یوم سوگ منایا گیا اور قومی پرچم سرنگوں رہا۔ کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے حملوں کے خلاف ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا۔ سرکاری، نیم سرکاری اور دیگر اہم عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ کئی شہروں میں عدالتی کارروائیاں بھی معطل کردی گئیں، اس کے علاوہ مذہبی و سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے تعزیتی ریفرنسز اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں انتہا پسند سفید فام عیسائی دہشت گرد نے فائرنگ کر کے 9 پاکستانیوں سمیت 50 افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس سانحے پر ملک بھر میں سرکاری طر پر یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا۔