پی ٹی آئی ایک اور 9مئی کرنے کی سازش کر رہی ہے ،نون لیگ
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن)نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے ایک اور 9مئی کرنے کی سازش کی جارہی ہے ،سابق کمشنر راولپنڈی کا بیان 9مئی پارٹ ٹو کی طرف پیشرفت کرنے کی بنیاد ہے ،پاکستان کے خلاف ساری سازش بیرون ملک بیٹھ کر کی جارہی ہے ، نگران حکومت کیا دیکھ رہی ہے کس چیز کا انتظار کر رہی ہے ، وفاق اور صوبائی حکومتیں ان بلوائیوں اور جتھوں کو روکنے کے لئے پیشگی اقدامات کریں ، انہوںنے پاکستان کی سیاست پر حملہ کیا ، پارلیمنٹ کو متروک کیا ، عدلیہ پر حملہ کیا ، معیشت پر حملہ کیا ، افواج پاکستان پر حملہ کیا اور اب یہ پاکستان کے سول سٹرکچر پر حملہ آور ہو رہے ہیں ،یہ اسی سلسلے کی کڑی ہے کہ عوام کا الیکٹرول پراسس سے ایمان اٹھا دو ، نتائج کو تسلیم نہ کرتے ہوئے تشدد کا راستہ اختیار کرو ، حکومت سے مطالبہ ہے ان کی سرکوبی کریں ان کو روکیں ان کا تدارک کریں ، اگر کچھ ہوا تو ناکامی کی ذمہ داری نگران حکومت پر عائد ہو گی ، یہ سیاسی لوگ نہیں یہ بلوائی ہیں بلوائی جتھہ بند ہو رہے ہیں یہ حملہ آور ہو ں گے کیونکہ یہی ان کا طریقہ واردات ہے ، نگران وزیر اعظم ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب جاگیں،میں متنبہ کر رہا ہوںحکومت نے ان کا تدارک نہ کیا ،ان کو نہ روکا تو یہ ریاست پاکستان کابڑا نقصان کریں گے ، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ورکر ارسلان نے سب گروپس میں میسج فارورڈ کرنے کا کہا، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ورکر نے واٹس ایپ گروپ میں سب کو مطلع کیا کہ لیاقت چٹھہ پریس کانفرنس کرنے جا رہے ہیں،کیا آر اوز اور ڈی آر اوز ، ان کی فیملیوں کی تصاویر لگانا دہشت گردی نہیںہے ؟ اس کے ذریعے آر اوز، ڈی آر اوز اور ان کی فیملیوں کوزندگی کا خطرہ لا حق ہو گیا ہے ،آر اوز اور ڈی آراوز کو دھمکا کر لیاقت چٹھہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، لیاقت چٹھہ نے پریس کانفرنس سے قبل میاں اسلم اقبال سے ملاقات کی ، ان کے رابطوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں،سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں انارکی پیدا کی جارہی ہے جس کا پاکستان متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنمائوں ملک محمد احمد خان، عطا اللہ تارڑ اور عظمیٰ بخاری نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سوشل ورکر ارسلان خالد کے مبینہ وٹس ایپ میسجز کے سکرین شارٹس بھی میڈیا کو دکھائے گئے ۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مجھے خوف ہے کہ ایک اور نو مئی بنانے کی کوشش ہو رہی ہے ،یہ معاملہ اس حد تک زیادتی پر مبنی ہے کہ انہوں نے نو مئی سے کوئی سبق نہیں سیکھا ۔