میئر کیلئے پی ٹی آئی سے نہیں، جماعت اسلامی سے مذاکرات کریں گے، شرجیل میمن
شیئر کریں
صوبائی وزیر اطلاعات اور رہنما پیپلز پارٹی شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ میئر کراچی کے لئے جماعت اسلامی سے مذاکرات کریں گے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان نے اداروں کے خلاف مہم چلائی جس پر کراچی کے عوام نے ان کا بیانیہ مسترد کردیا، نتائج آنے سے قبل پی ٹی آئی نے جیتنے کا دعوی کیا اور نتائج آنے بعد کہنے لگے ہماری تیاری پوری نہیں تھی۔پی پی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، انہیں سندھ کے عوام نے ناکام بنایا، عمران خان کہتے تھے سندھ سے پیپلز پارٹی کا صفایا کروں گا لیکن عمران کو صوبے سے تاریخی شکست ہوئی، اب سندھ کا ٹرینڈ پورے پاکستان میں چلے گا۔شرجیل میمن نے کہاکہ عمران خان تھوڑی غیرت کرکے سندھ اسمبلی سے استعفیٰ دیں، جس نے آپ کو الیکشن جتوائے یہ ان ہی کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔کراچی میئرشپ کے حوالے سے صوبائی وزیرنے کہاکہ کراچی کے میئر سے متعلق پیش گوئی نہیں کر سکتا، البتہ میئر بنانے کا قانونی، آئینی اور اخلاقی حق پیپلز پارٹی کا ہے، میئر بنانے کے لئے جماعت اسلامی سے مذاکرات کریں گے لیکن پی ٹی آئی سے کوئی بات نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جب رضامند ہوگی تو رابطہ کیا جائے گا، وزیر اعلی سندھ نے جماعت اسلامی کے رہنماں سے رابطہ کرکے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحفظات الیکشن کمیشن سے ہیں، ہم سے نہیں، پیپلز پارٹی نے کراچی میں اگر سیٹیں لیں ہیں تو کام بھی کیا ہے، پی پی کو کراچی کے عوام نے خدمت کرنے پر ووٹ دیا۔