ادارہ ترقیات حیدرآباد، شہر کے مختلف علاقوں کے نقشوں میں ہیرا پھیری کا انکشاف
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) ادارہ ترقیات حیدرآباد ،شہر کے مختلف علاقوں کے نقشے تبدیل کرنے کا انکشاف، قاسم آباد میں واقع حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی اسکیم کی ایمنسٹی پلاٹس بھی بیچ دیے گئے، لب مہران اسکیم کا نقشہ تبدیل کردیا گیا، 11 ہزار فٹ کمرشل پلاٹ پر قبضے کا بھی انکشاف، تفصیلات کے ادارہ ترقیات حیدرآباد میں موجود افسران کی جانب سے حیدرآباد کے مختلف علاقوں کے نقشے تبدیل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، روزنامہ جرأت کو ملنے والی معلومات کے مطابق قاسم آباد میں ایچ ڈی اے اسکیم میں لائبریری کیلئے مختص تین رفاہی پلاٹس پلاٹ نمبر 61،اے،61 بی اور 61 سی کے جعلسازی کے ذریعے حیثیت تبدیل کرکے آکشن کردیا گیا، نقشوں میں ہیراپھیری کا انکشاف کرنے والے دلمراد نوناری نے روزنامہ جرأت کو بتایا کہ لب مہران اسکیم جو ایچ ڈی اے کے ساتھ ملحقہ ہے میں 11 ہزار 332 اسکوائر فٹ پر مشتمل کمرشل پلاٹ جس کا سروے نمبر 74/203 ہے اور اس پلاٹ سے اس نے 4 ہزار 225 اسکوائر فٹ خریدا، تاہم ایچ ڈی اے قاسم آباد کے افسران نے جعلسازی کرکے 2019 میں نقشہ روائز کرکے اس پر قبضہ کروا دیا ہے اور بار ہا چالان و درخواستیں دینے کے باوجود ادارہ ترقیات اصلی نقشہ نہیں دے رہا ہے، ذرائع کے مطابق قاسم آباد کا اصلی نقشہ گم کر دیا گیا اور سرکاری و فلاحی پلاٹس پر بڑے پیمانے پر جعلسازی کی گئی ہے۔