پی آئی اے، 46 ملازمین کی ڈگریاں جعلی ہونے کا انکشاف
شیئر کریں
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کے46ملازمین کی ڈگریاں جعلی ہونے کے انکشاف پر 3پائلٹس اور43کیبن کریو کے عملے کو معطل کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی ڈگری کے حامل ملازمین کی تصدیقی رپورٹ متعلقہ افسران کو ارسال کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق498پائلٹس میں سے449 نے ڈگریاں جمع کرائی ہیں جبکہ 37 پائلٹس نے ابھی تک اپنی ڈگریاں متعلقہ حکام کو جمع نہیں کرائیں۔رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 1864 کیبن کریو میں سے بھی 146 نے ڈگریاں جمع نہیں کرائی ہیں۔ذرائع کے مطابق کاک پٹ ملازمین میں سے 1184 کی ڈگریاں متعلقہ تعلیمی بورڈز کو بھجوائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مزید سینکڑوں ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے جبکہ اس بات کے امکانات بھی موجود ہیں کہ مزید ڈگریاں جعلی ثابت ہوسکتی ہیں۔ذمہ دار ذرائع نے بتایاکہ جو ڈگریاں تصدیق کے لیے ابھی تک جمع نہیں کرائی گئی ہیں ان کے متعلق شکوک و شبہات موجود ہیں کہ وہ بھی مشکوک ہو سکتی ہیں۔