میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
میڈیا پاکستان کی غلط تصویر دکھاتا ہے ‘امریکی سیاح پاکستان کی خوبصورتی اور پاکستانیوں سے متاثر

میڈیا پاکستان کی غلط تصویر دکھاتا ہے ‘امریکی سیاح پاکستان کی خوبصورتی اور پاکستانیوں سے متاثر

منتظم
هفته, ۱۷ دسمبر ۲۰۱۶

شیئر کریں

پاکستان کے لوگ اور یہاں کی ثقافت انتہائی خوبصورت ہے،کیسنڈرا ڈی پیکول
190 ممالک دیکھے، سب سے زیادہ متاثرکُن پاکستان، اومان اور بھوٹان لگے
امریکی شہری کیسنڈرا ڈی پیکول تن تہا دنیا کے سفر پر ہیں اور 190 ممالک کا سفر طے کرنے بعد وہ پاکستان پہنچی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک چھپا ہوا جوہر ہے جس کی خوبصورتی تاحال دنیا کے سامنے نہیں آسکی۔27 سالہ امریکی خاتون کیسنڈرا ڈی پیکول نے 15 جولائی 2015 کو دنیا کے تمام 196 خودمختار ممالک دیکھنے کے لیے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ان کا پہلا پڑاو¿ مغربی بحرالکاہل کے ایک چھوٹے سے ملک پلاو¿ میں ہوا اور ان کا سفر مسلسل جاری رہا اور 190 ممالک کا سفر کرنے کے بعد وہ پاکستان پہنچیں۔ان کا مقصد کم از کم وقت میں تمام ممالک کا سفر کرکے گیئنس بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کرنا اور دنیا کو سیاحت کے لیے پرامن اور اس شعبے کو مستحکم بنانے کا پیغام دینا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے سے قبل ان کے کچھ خدشات تھے جو اب دور ہوچکے ہیں اور وہ دوبارہ یہاں آنا چاہیں گی۔دنیا کے 190 ممالک گھومنے کے بعد میں کہہ سکتی ہوں کہ جن تین ممالک نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا ان میں پاکستان، اومان اور بھوٹان سرفہرست ہیں۔
کیسنڈرا کا کہنا تھا کہ انھوں نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے حوالے سے حالیہ بیان نہیں سنا لیکن ان کا ذاتی تجربہ ہے کہ پاکستان واقعی ایک حیران کن ملک ہے، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہاں کے لوگ اور یہاں کی ثقافت انتہائی خوبصورت ہے۔
کیسنڈرا ڈی پیکول کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد تمام دنیا میں امن کا پیغام پہنچانا ہے۔ وہ ایک مسافر بھی ہیں اور سیاحت و سفر کے حوالے سے نوجوانوں کو تربیت اور رہنمائی بھی فراہم کرتی ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ پاکستان آنے سے پہلے میں نے اس ملک کے بارے میں بہت کچھ پڑھا اور تحقیق کی لیکن جو کچھ میڈیا دکھاتا ہے پاکستان اس کے بالکل برعکس ہے۔پاکستانی خواتین کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قیام کے دوران میں بہت سی نوجوان خواتین سے ملی اور مجھے ان کی قابلیت اور اعتماد دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہوا۔
کیسنڈرا نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور چھوٹے شہروں اور قصبوں کو دیکھنا چاہتی ہیں لیکن اس بار یہ ممکن نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت جلد پاکستان دوبارہ آئیں گی اور اپنی یہ تمنا پوری کریں گی۔
پاکستان میں ان کا قیام کراچی، لاہور اور پھر اسلام آباد میں رہا جہاں یونیورسٹی اور کالجوں کے طالب علموں کے ساتھ انھوں نے مختلف مذاکروں میں حصہ لیا اور انھیں بتایا کہ کیسے اپنے ملک کو اچھے انداز میں پیش کیا جاسکتا اور ایک کامیاب سیاحتی لکھاری بننے کے لیے کیا کچھ کیا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے بھارت کا بھی سفر کیا ہے اور انھوں نے پاکستان کو بھارت کی ثقافت، رنگ اور انداز زندگی سے بہت مختلف پایا۔
انھوں نے بتایا کہ بلاشبہ سیاحت ایک مہنگا شعبہ ہے لیکن آپ پیسے بچاتے ہوئے بھی کئی نئی جگہوں کی سیر کرسکتے ہیں۔ایسا نہیں ہے کہ آپ جہاں جائیں بڑے بڑے ہوٹلوں میں رہیں یا پرآسائش گاڑیوں میں سفر کریں۔ آپ ضرورت کے مطابق کسی کم قیمت جگہ پر قیام کر سکتے ہیں، وہی کھا سکتے ہیں جو وہاں عام لوگ کھاتے ہیں، ویسے ہی سفر کر سکتے ہیں جیسے مقامی عام لوگ کرتے ہیں۔
اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے تقریبا 25 ممالک کا دورہ صرف 2000 ڈالر (2لاکھ پاکستانی روپے کے مساوی رقم) میں کیا۔ اس دوران وہ ریلوے اسٹیشنوں پر سوئیں، بغیر کھائے پیے رہیں اور ‘ہچ ہائیکنگ’ کرتی ہوئی مشرق وسطیٰ، افریقا، جنوبی امریکااور ایشیا میں گھومیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اب نوجوان بلاگروں اور سیاحت کے حوالے سے لکھنے والوں کے لیے بہت سے دروازے کھل گئے ہیں جن کا بھرپور استعمال کیا جا سکتا ہے۔کیسنڈرا کا کہنا تھا کہ ان کی اگلی منزل افریقی ملک ارٹیریا ہے اور وہ جلد جنگ زدہ یمن کے سفر پر ہوں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں