امریکا سمیت تمام ممالک کیساتھ مثبت تعلقات چاہتے ہیں، سہیل شاہین
شیئر کریں
ترجمان طالبان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ افغانستان میں مشترکہ مفادات، سرمایہ کاری اور تعمیرِ نو کے لیے امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات کے خواہش مند ہیں۔ دوحہ میں طالبان کے ترجمان اور اقوام متحدہ میں طالبان کے نامزدہ کردہ مستقل مندوب سہیل شاہین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی طویل ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ افغان عوام نے طویل جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی ہے جس کے بعد آزاد افغانستان کے لیے امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ باہمی مفادات، سرمایہ کاری اور تعمیر نو، مشترکہ منصوبوں پر مبنی مثبت تعلقات کا ایک نیا باب کھل گیا ہے۔ترجمان طالبان نے سہیل شاہین نے اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ قدرتی وسائل کی تلاش اور معدنیات نکالنے کے لیے امریکا کے ساتھ ہونے والے دوحہ معاہدے کی پاسداری کر رہے ہیں۔طالبان ترجمان اپنے اس عہد کو بھی دہرایا کہ افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ موجودہ حکومت کی پورے ملک میں حاکمیت اور رٹ قائم ہے اور عوام کی بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔سہیل شاہین نے اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ میں افغانستان کے مستقل مندوب کی نشست کے لیے طالبان حکومت تمام قانونی شرائط پوری کرتی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ قانونی تقاضے سیاسی ترجیحات سے بالاتر ہوں گے۔واضح رہے کہ طالبان حکومت نے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کے طور پر سہیل شاہین کو نامزد کیا ہے تاہم متعلقہ کمیٹی تاحال اس پر کارروائی کا آغاز نہیں کرسکی ہے۔