نواز شریف نے داد رسی کے تمام فورم استعمال کرلیے، سپریم کورٹ نے بھی 3ریفرنسز یکجا کرنے کی اپیل مسترد کردی
شیئر کریں
اسلا م آ باد(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کے تین ریفرنسز یکجا کرنے کی اپیل مسترد کردی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے چیمبر میں نواز شریف کی تین ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پر سماعت کی جس پر چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کی جانب سے لگائے جانے والے اعتراضات برقرار رکھے۔ خیال رہے کہ نواز شریف نے نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز یکجا کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، تاہم رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض لگاتے ہوئے متعلقہ فورم سے رجوع کرنیکا کہا تھا۔نواز شریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے توسط سے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی کہ وہ رجسٹرار آفس کے درخواست پر لگائے جانے والے اعتراضات پر ان چیمبر سماعت کریں، رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا تھا کہ نوازشریف دادرسی کے تمام فورم استعمال کر چکے ہیں، سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کے خلاف آئینی درخواست دائر نہیں ہوسکتی، تاہم چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے چیمبر میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر سماعت کے بعد اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے نواز شریف کی اپیل مسترد کردی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہاکہ ہمارا موقف تھا کہ جو فیصلہ قانوناً مشکوک ہو اس پر سپریم کورٹ رولز لاگو نہیں ہوتے، جبکہ سپریم کورٹ کئی فیصلوں میں یہ قرارد ے چکی ہے، خواجہ حارث نے کہا کہ یہ فیصلہ غیر متوقع تھا ایسی اپیلیں عموماً اعتراضات کے ساتھ اوپن کورٹ میں سنی جاتی ہیں، لیکن عدالت نے اعتراضات سننے کی زحمت نہیں کی۔